Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا بھائندر : اب ہر۱۵؍دن پر ایک روز پانی فراہمی معطل رہے گی

Updated: June 02, 2026, 10:03 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mira Road

میونسپل انتظامیہ کا اعلان، ایل نینو کے اثرات اور شدید گرمی کے باعث ڈیموں میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم، شہریوں سے پانی کے محتاط استعمال کی اپیل۔

Drinking Water Has Been Banned From Washing Vehicles And Spraying On The Road.Photo:INN
پینے کے پانی کو یوں گاڑیوں کو دھونے اور سڑک پر چھڑکاؤکرنے سے منع کیا گیا ہے-تصویر:آئی این این
میراروڈ: میرابھائندر کے رہائشیوں کو آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن  کے محکمہ واٹر سپلائی اینڈ سیوریج نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شہر میں اب ہر پندرہ دن میں ایک بار (مہینے میں دو دن) پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل رہے گی۔ یہ فیصلہ مانسون میں ممکنہ تاخیر اور آبی ذخائر میں پانی کی گرتی ہوئی سطح کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ 
مانسون کےاگست تک ٹلنے کا اندیشہ 
بلدیہ کے مطابق، محکمہ موسمیات نے حکومتِ مہاراشٹرکو متنبہ کیا ہے کہ ایل نینو کے اثرات کے باعث اس سال جنوب مغربی مانسون کی ہوائیں معمول سے کافی کمزور رہنے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے مانسون کی آمد میں نہ صرف تاخیر ہوگی بلکہ یہ سیزن ۳۱ ؍اگست ۲۰۲۶  تک طویل ہو سکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے محکمہ وسائلِ آب کو ہدایت دی ہے کہ وہ دستیاب پانی کا کوٹہ اگست کے آخر تک چلانے کے لیے سخت حکمتِ عملی اور منصوبہ بندی تیار کرے۔
 ڈیموں اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں گراوٹ 
حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال موسمِ گرما کی شدید لہر کی وجہ سے ڈیموں اور آبی ذخائر سے پانی کے بھاپ بن کر اڑنے کا عمل معمول سے زیادہ رہا ہے، جس سے پانی کا اسٹاک تشویشناک حد تک نیچے چلا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، علاقے میں کنوؤں اور بورویلوں میں بھی زیرِ زمین پانی کی سطح کافی گر چکی ہے، جس نے انتظامیہ کی تشویش بڑھا دی ہے۔ 
خلاف ورزی پر پانی کا کنکشن کٹنے کا خطرہ 
میونسپل کارپوریشن نے شہریوں کے لئے ایک تفصیلی گائیڈ لائن اور اپیل جاری کی ہے جس میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیاں اپنی چھتوں پر موجود پانی کے ٹنکیوں کو اوور فلو ہونے سے روکیں اور پائپ لائنوں کی فوری مرمت کروائیں۔ اگر پانی کے ضیاع یا خلاف ورزی کی کوئی شکایت موصول ہوئی، تو متعلقہ عمارت یا سوسائٹی کا پانی کا کنکشن فوری طور پر منقطع کر دیا جائے گا۔ 
 
 
شہریوں کے لئے  اہم ہدایات اور اقدامات
روزمرہ کے کام:کپڑے، برتن دھونے یا شیو اور برش کرنے کے دوران نل کھلا نہ رکھیں۔ نہانے کے لیے شاور یا باتھ ٹب کے بجائے بالٹی کا استعمال کریں۔گاڑیوں اور سیڑھیوں کی صفائی:پینے کے پانی سے nعمارت کی سیڑھیاں دھونے اور گاڑیوں کو روزانہ پائپ سے دھونے پر سخت پابندی رہے گی۔ گاڑیوں کو صرف گیلے کپڑے سے صاف کریں۔ سوئمنگ پولز پر پابندی رہائشی کمپلیکس اور سوسائٹیوں میں سوئمنگ پول بھرنے کے لیے پینے کا پانی استعمال کرنے اور بار بار پانی بدلنے پر روک لگا دی گئی ہے۔ واشنگ مشین کا محدود استعمال:کپڑے روزانہ دھونے کے بجائے ہفتے میں ایک یا دو بار جمع کر کے واشنگ مشین کو اس کی پوری گنجائش پر چلائیں۔ پانی کا دوبارہ استعمال  nکپڑے دھونے کے بعد بچ جانے والے پانی  کو پھینکنے کے بجائے اسے ٹوائلٹ فلش، فرش کی صفائی اور باغبانی کے لیے استعمال کریں۔ باسی پانی پھینکنے سے گریز  محض باسی ہونے کے نام پر گھروں میں ذخیرہ کیا گیا پانی نالی میں بہانے کی عادت کو فوراً ترک کریں۔ 
 
 
بلدیہ انتظامیہ کی شہریوں سے اپیل
شدید گرمی کی وجہ سے پانی کی قلت ایک بڑا بحران بن کر ابھری ہے۔ میرا بھائندر کے تمام باشندوں سے اپیل ہے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، پانی کی ایک ایک بوند بچائیں اور اس بحران سے نمٹنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK