بنیادی سہولیات کی فراہمی ،ماحولیات کے تحفظ اور فلاحی اسکیموں کو مؤثر بنانے کا وعدہ۔
کانگریس لیڈروں کے ذریعہ منشور کے اجراء کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این
۱۵؍ جنوری کو ہونے والے میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن انتخاب کے لئے کانگریس نے اپنا انتخابی منشور منگل کو میراروڈمیں واقع اسمیتا کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جاری کیا۔
کانگریس نے دعویٰ کیا کہ یہ انتخابی منشور عوامی مفاد ،ترقی اور بہتر حکمرانی پر مبنی جامع اور مؤثر انتخابی منشور ہے۔ انتخابی منشور میں پانی کی فراہمی کا مستقل حل ،گڑھوں سے پاک سڑکیں ،میٹرو پروجیکٹ کی تکمیل ،میونسپل بسوں کا موثر نظام ، ٹول ناکہ پر ٹریفک کے مسائل کا حل ،فضلے کا سائنسی نظام ،زیر زمین ڈرینیج اور سیوریج سسٹم ،صاف ستھری سبزی منڈیاں ،پارکنگ کی مناسب سہولیات ،جدید طبی خدمات اور عوامی بیت الخلاء کی تعمیر کو ترجیح دی گئی ہے۔منشور میں خواتین کو با اختیار بنانا ، کھیل کے میدانوں کی تعمیر ،سائبر جرائم پر قابو پانا ،ماحولیاتی تحفظ اور گرین سٹی مہم کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے منشور میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کانگریس میونسپل کارپوریشن کی تمام فلاحی اسکیموں کو میرابھائندر کے ہر گھر تک پہنچائے گی۔ انڈین نیشنل کانگریس کا مقصد میرابھائندر کو ایک صاف ستھرا ،محفوظ ،سہولت بخش اور ترقی یافتہ شہر بنانا ہے۔منشور کی اجراء کے موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر سید مظفر حسین، ریاستی مبصر آنند سنگھ، ضلع صدر زبیر انعامدار اور کانگریس کے سابق کارپوریٹر موجود تھے ۔