• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برادرانِ وطن کےاکثریتی والے وارڈ سے دوسری مرتبہ الیکشن جیتنے والی روبینہ فیروز کے حوصلے بلند

Updated: January 22, 2026, 11:01 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mira Road

میرابھائند رمیونسپل کارپوریشن الیکشن میں کانگریس کی روبینہ فیروز نے ایک ہی وارڈ سے مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ساتھ ہی ان کے پینل کے سبھی چاروں امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔

Rubina Feroze with her party leader Syed Muzaffar Hussain. Picture: INN
روبینہ فیروز اپنی پارٹی کے لیڈرسیّد مظفرحسین کے ہمراہ۔ تصویر: آئی این این
میرابھائند رمیونسپل کارپوریشن الیکشن میں کانگریس کی روبینہ فیروز نے ایک ہی وارڈ سے مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ساتھ ہی ان کے پینل کے سبھی چاروں امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ اس مرتبہ بی جے پی کی سونامی میں سبھی چھوٹی سیاسی جماعتیں بہہ گئیں۔ ریاستی وزیر پرتاپ سر نائک کی کوششوں کے باوجود میرابھائندر میں شیوسینا (شندے) ۲؍ سیٹوں پر سمٹ گئی مگر کانگریس نے اپنی عزت بچالی جس کے ۱۳ ؍  کارپوریٹر جیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ میونسپل الیکشن میں کانگریس کے ۱۲ ؍کارپوریٹر جیتے   تھے ۔اس طرح  کانگریس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
کانگریس کے ٹکٹ پر روبینہ فیروز نے ۲۰۱۷ ءمیں پہلی بار کامیابی حاصل کی تھی اور اب اسی وارڈ سے دوبارہ منتخب ہوئی ہیں۔ روبینہ فیروز  جس وارڈ سے کامیاب ہوئیں، وہ پربھاگ نمبر ۱۹ ؍ہے جو ایک کثیر مذہبی و لسانی سماج والا وارڈ ہے۔ یہاں مسلمان کم تعداد میں ہیں۔ مسلمانوں کے علاوہ عیسائی ،جین ہندو مذاہب کے ساتھ ساتھ مراٹھی اور گجراتی زبان بولنے والے افراد بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔ روبینہ فیروز نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے میرابھائندر کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ گزشتہ سال مراٹھی زبان پر تنازع کھڑا کیا گیا ۔زیادہ تر سیاسی جماعتیں زبان اور مذہب کی سیاست کر رہیں تھیں۔ جیت کیلئے ہر قسم کے حربے استعمال کئے جا رہے تھے مگر وارڈ نمبر  ۱۹ ؍ میں کانگریس اور سید مظفر حسین کے اثرات باقی تھے۔ اس کے علاوہ میری شاندار کارکردگی بھی میری واپسی کا سبب بنی۔ انہوں نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نئی میقات میں اپنی کارکردگی پہلے سے زیادہ   بہتر بنائیں گی اور اپنے وارڈ کے لوگوں کے سبھی مسائل حل کریں گی۔
روبینہ فیروز عوام کے ساتھ ساتھ خواص میں مقبول ہیں۔ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے انہوں نے کئی سرکاری اسکیموں میں ان کی مدد کی تھی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے سیلف ڈیفنس کورسیز شروع کئے تھے۔ بیروزگار نوجوانوں کے لئے جاب میلہ لگایا تھا۔ نوجوانوں اور طلبہ کیلئے کرئیر کاؤنسلنگ اور گائیڈنس پروگرام منعقد کئے تھے اور کینسر کے مریضوں کیلئے میونسپل کارپوریشن سے مالی امداد کے حصول میں مدد بھی کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK