Inquilab Logo

شرپسندوں نے، قبرستان کی زمین پر لگا گیٹ اور بورڈ غائب کردیا

Updated: December 30, 2023, 9:09 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

الہاس نگر میونسپل کارپوریشن نے کارروائی مکمل ہوجانے کے باوجود زمین مسلمانوں کے حوالے نہیں کی تھی۔

Evildoers are suffering from the graveyard!. Photo: INN
شرپسندوں کو قبرستان تک سے تکلیف ہے !۔ تصویر : آئی این این

 الہاس نگر میونسپل کارپویشن نے کیمپ نمبر ۵؍میں  قبرستان کیلئے جگہ مختص کر کے حفاظتی دیوار تعمیر کی تھی۔ بعد ازاں لوہے کا گیٹ نصب کر کے قبرستان کی نشان دہی کیلئے ۳؍ سائن بورڈ بھی لگائے تھے۔ تاہم شہری انتظامیہ نے مبینہ طورپر ہندوتوا عناصر کے دباؤ میں ابھی تک قبرستان کو مسلمانوں کے حوالے نہیں کیا ہے۔اس کافائدہ اٹھا کر سماج دشمن عناصر نے قبرستان کے داخلی در وازے کا مین گیٹ اور تینوں سائن بورڈ چوری کر لئے  ۔ قبرستان کیلئے طویل عرصہ سے جدو جہد کر نے والی ’ پد یاتری‘ نامی تنظیم نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمشنر کو تحر یری شکایت کی ہے اور فوری طور پر قبرستان کے داخلی در وازے پر گیٹ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ’ پد یاتری‘ تنظیم کے رکن انل کمار سنہا، عرفان خان اور سراج احمد کے دستخط سے میونسپل کمشنر سے تحر یری مطالبہ کیا گیا ہے۔ 
الہاس نگر میونسپل کارپوریشن نے کیمپ نمبر۵؍ کی کیلاش نگر کالونی میںبند پڑی ٹرانسپورٹ کمیٹی کی قطعہ ارا ضی پر مسلمانوں کیلئے قبرستان بنا نے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ساری سر کاری قانونی کارروائیاں مکمل کر نے کے بعد شہری انتظامیہ نے قبرستان کی حفاظتی دیوار تعمیر کر کے داخلی در وازے پر لوہے کا بڑا سا گیٹ لگادیا اور سٹی سروے نمبر نیز پلاٹ نمبر کی نشان دہی کرنے والے ۳؍ سائن بورڈ بھی لگائے تاکہ قبرستان کی قانونی حیثیت بھی عیاں ہو جائے لیکن اچانک شرپسندوں نے قبرستان کی مخالفت  شروع کردی جس کے بعد شہری انتظامیہ نے ہندوتوا تنظیموں کے دباؤ میں آ کرقبرستان کو مسلمانوں کے حوالے نہیں کیا۔ شہری انتظامیہ نے یہ کہہ کر قبرستان مسلمانوں کے حوالے کر نے سے انکار کردیا تھا کہ اسے ریاستی ار بن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے قبرستان سے متعلق دستاویزات طلب کئے  تھے جنہیں بھیجنے کے بعد بھی وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔شہری انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب کیلا ش نگر کالونی میں واقع قبرستان کی حفاظتی دیوار کے مین گیٹ اور سائن بورڈ چوری ہو گیا ہے۔
اس ضمن میں’ پد یاتری‘ نامی تنظیم نے میونسپل کارپوریشن کی اس جانب تو جہ مبذول کر وانے کیلئے میونسپل کمشنر عزیز شیخ سے تحر یر ی مطالبہ کیا ہےجس میں وارڈ آفیسر گنیش شمپی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے قبرستان کا گیٹ اور سائن بورڈ چوری کر وانے میں ان کا ہاتھ بتایا گیا  ہے۔ اس ضمن میں پد یاتری کے اراکین کا کہنا ہے کہ قبرستان کا مین گیٹ اور سائن بورڈ سرکاری ملکیت ہے ،اس کے چوری ہو نے کی اطلاع وارڈ آفیسر کو ملتے ہی انہوں نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کیوں نہیں کروائی؟ اس بارے میں وارڈ آفیسر گنیش شمپی سے گفتگو کی کوشش کی گئی لیکن ان کا فون مسلسل بند آرہا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK