• Wed, 03 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم این ایس کا میونسپل اسپتال کیخلاف آکسیجن ماسک لگا کر احتجاج

Updated: December 03, 2025, 3:08 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن ( کے ڈی ایم سی) کے زیر انتظام رکمنی بائی اسپتال میں گزشتہ کئی برس سے بند پڑی آئی سی یو سہولت کے خلاف مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے پیر کو ایک منفرد اورمتوجہ کرنے والا احتجاج کیا۔

MNS workers protesting against Rukmini Hospital. Picture: INN
ایم این ایس کے کارکن رکمنی اسپتال کیخلاف احتجاج کرتےہوئے۔ تصویر:آئی این این
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن ( کے ڈی ایم سی) کے زیر انتظام رکمنی بائی اسپتال میں گزشتہ کئی برس سے بند پڑی آئی سی یو سہولت کے خلاف مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے پیر کو ایک منفرد اورمتوجہ کرنے والا احتجاج کیا۔ پارٹی کے مقامی عہدیداران آکسیجن سلنڈر اور ماسک ہاتھ میں اٹھائے کے ڈی ایم سی کے مرکزی دفتر پہنچے اور انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف دھرنا دیا۔ 
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر اسپتال کی آئی سی یو سروس فوری طور پر شروع نہ کی گئی تو شہر بھر میں سخت عوامی تحریک چلائی جائے گی۔کلیان کے مغرب میں واقع رکمنی بائی سرکاری اسپتال غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کا واحد بڑا سہارا ہے مگر گزشتہ دو سے تین برس سے یہاں کی مکمل طور پر تیار آئی سی یو بند پڑی ہے۔ ہنگامی حالات میں مریضوں کو تھانے یا ممبئی منتقل کرنا پڑتا ہے جس کے دوران ٹریفک جام اور تاخیر کے باعث مریضوں کی جان کو مستقل خطرہ لاحق رہتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی یہ لاپروائی شدید غفلت کے مترادف ہے۔
ایم این ایس لیڈر کپل پوار اور گنیش لانڈگے کے مطابق اسپتال میں جدید آلات موجود ہونے کے باوجود آئی سی یو کو غیر فعال رکھنا انتظامیہ کی ناکامی اور شہریوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بار تحریری شکایتیں دی گئیں مگر صحت محکمہ اور بلدیہ کے افسران نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ دو ماہ قبل ڈومبیولی میں سانپ کے کاٹنے سے دو افراد کی موت کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں۔پیر کو ایک مریضہ کو بھی آئی سی یو کی سہولت نہ ہونے کے سبب دو گھنٹے انتظار کے بعد دیگر اسپتال بھیج دیا گیا تھا۔اس پس منظر میں ایم این ایس کارکنان آکسیجن ماسک چہرے پر لگا کر اور سلنڈر ہاتھ میں لے کر کے ڈی ایم سی ہیڈکوارٹر کے اندر بیٹھ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی زندگی کے مسئلے پر خاموشی جرم کے برابر ہے۔ایم این ایس نے واضح کیا ہے کہ اگر رکمنی بائی سرکاری اسپتال کی آئی سی یو فوری طور پر فعال نہ کی گئی تو جلد ہی شہر کی سطح پر بڑا احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK