Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ مودی سرکار کی پالیسی چھوٹی صنعتوں کا گلا گھونٹ رہی ہے‘‘

Updated: July 07, 2026, 10:03 AM IST | Agency | Jaipur

راہل گاندھی نے بسوں اور ٹرک کی باڈی بنانے والی ورکشاپ میں کاریگروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل کو سمجھا۔

Rahul Gandhi Interacts With Workers At A Workshop In Jaipur.Photo:INN
راہل گاندھی جے پور کے ورکشاپ میں ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے-تصویر:آئی این این
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو  جے پور میں  بسوں  اور ٹرک کی باڈی بنانے والی ورک شاپ میں کاریگروں  سے ملاقات اوران کےمسائل سننے کے بعد مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ٹرانسپورٹ سے متعلق ایسے ضابطے بنا رہی ہے جو بس اور ٹرک کی  باڈی بنانے والی چھوٹی  ورکشاپس کو تباہ کر رہی  ہے۔ انہوں نے  الزام لگایا کہ  مائیکرو، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار (ایم ایس ایم ایز) (چھوٹی صنعتوں )کی مدد کرنے کے بجائےمودی سرکار اپنی پالیسیوں سے جان بوجھ کر ان کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ 
 
 
راہل گاندھی نے  جے پور میں واقع  بس اور ٹرک کی باڈی بنانے والی ایک  ورکشاپ کے حالیہ دورے کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے پوسٹ  میں لکھا ہے کہ’’لوہے کی چادریں، ویلڈنگ کی چنگاریاں، ہتھوڑوں کی آوازیں... ان سب کے درمیان کاریگر اپنی محنت اور مہارت سے ہندوستان کا مستقبل تراشتے ہیں۔ جے پور کی مقامی بس اور ٹرک باڈی بنانے والی ورکشاپس میں ایک ایسا  ہندوستان نظر آتا ہے جو اپنے ہاتھوں سے روزگار بھی پیدا کرتا ہے اور ملک کی ترقی کو  رفتار بھی  دیتا ہے۔‘‘راہل گاندھی نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ دہلی میں وزارتِ ٹرانسپورٹ کے بنائے گئے ضابطے ملک بھر کی ان چھوٹی صنعتوں کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تکنیکی خرابیوں کے باعث بسوں میں لگنے والی آگ کا الزام ان کاریگروں پر عائد کیا جا رہا ہے حالانکہ وہ صرف گاڑیوں کی باڈی تیار کرتے ہیں۔لوک سبھا میں  اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جن چھوٹی صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، انہیں جان بوجھ کر ختم کیا جا رہا ہے۔راہل گاندھی نےمودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’میک اِن انڈیا‘‘ اور’’ووکل فار لوکل‘‘ صرف نعرے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مودی حکومت کی پالیسیاں صرف بڑے صنعت کاروں کے مفاد میں ہیں۔
 
 
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہ فیکٹریاں بند ہو گئیں تو صرف کاروبار ہی متاثر نہیں ہوگا بلکہ ہنر ختم ہو جائے گا، روزگار چھن جائے گا اور مہنگائی کا بوجھ عام لوگوں پر مزید بڑھ جائے گا۔ان کے مطابق ہمیشہ کی طرح اس کی قیمت بھی محنت کش اور ہنرمند بھارتی شہریوں کو ہی چکانی پڑے گی۔ویڈیو میں راہل گاندھی کو ٹرک اور بس باڈی بنانے والے مقامی افراد  سے گھل مل کر گفتگو کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔ راہل گاندھی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ  ان کے مسائل کو اٹھائیں گے۔ یاد رہے کہ ۱۸؍  مارچ کو   راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے راجستھان کے ٹرک اور بس باڈی بنانے  والے چھوٹے  تاجروں   کے ایک وفد کے ساتھ  مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کر کے ریلیف کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK