Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسلا دھار بارش نےویسٹرن ریلوے کی ٹرین خدمات کو پٹری سے اتار دیا

Updated: July 07, 2026, 9:14 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

۲۰؍ سے زیادہ طویل مسافتی ٹرینیں پھنس گئیں۔ خاص طورپر وسئی روڈ- ویرار اور سفالے -پال گھر سیکشن کے درمیان پانی بھرجانے سے ٹرین خدمات بری طرح متاثر ہوئیں۔

Rain.Photo:INN
بارش۔ تصویر:آئی این این
 موسلا دھار بارش اور  پانی جمع ہونے کی وجہ سے پیر کو ویسٹرن ریلوے کی ٹرین خدمات مفلوج ہوگئیں۔ حالت یہ ہے کہ  ۲۰؍سے زیادہ طویل مسافتی  ٹرینیں ممبئی اور جنوبی گجرات کے مختلف اسٹیشنوں پر پھنسی ہوئی ہیں کیونکہ پٹریوں میں پانی بھر گیا ہے۔  ۲۰؍ سے زیادہ ٹرین خدمات منسوخ کردی گئی ہیں یا ان کا رخ موڑدیا گیا ہےیا ان میں تاخیر  ہوئی ہیں جس کی وجہ سے  ریلوے حکام نے پھنسے  مسافروں کی مدد کیلئے متحرک ہوئی  اور ممبئی-احمد آباد ٹرنک روٹ پر ٹرین خدمات بحال کرنے کیلئے کام کیا۔
 
 
ویسٹرن ریلوے کے حکام کے مطابق  خاص طور پر وسئی روڈ-ویرار اور سفالے-پال گھر سیکشن کے درمیان پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹرین خدمات شدید متاثر ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ دوپہر ایک بجکر ۵۰؍منٹ  تک کم از کم ۲۲؍  طویل مسافتی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر سنبھالا   جا رہا تھا جن میں ویرار، وانگاؤں، پال گھر، دہانو روڈ اور ولساڈ شامل ہیں۔ویسٹرن ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ پورے دن میں۴۰؍ سے زیادہ خدمات متاثر ہوئیں، کم از کم ۸؍ ٹرینوں کا شیڈول تبدیل کیا گیا،۱۰؍ ٹرینیںمنسوخ کی گئیں اور کئی دیگرٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا یا موسلا دھار بارش، پانی جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مختصر مدت کیلئے انہیںبند کر دیا گیا۔ریلوے حکام نے بتایا کہ   پال گھر ضلع کے کچھ حصوں میں صرف ۲؍ گھنٹوں میں تقریباً ۳۰۰؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے صبح۹؍ بجے تک صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
جو ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں ، ان میں  باندرہ ٹرمنس-شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ایکسپریس، ممبئی سینٹرل- حضرت نظام الدین راجدھانی ایکسپریس، دادر-پوربندر سوراشٹر ایکسپریس، باندرہ ٹرمنس- چندی گڑھ ایکسپریس، باندرہ ٹرمنس - ہسار ایکسپریس، باندرہ ٹرمنس-امرتسر ایکسپریس، باندرہ ٹرمنس-بیکانیر ایکسپریس  اور باندرہ ٹرمنس - ویراول ایکسپریس شامل ہیں۔احمد آباد، جودھ پور اور بھوج جیسے شہروں سے آنے والی ٹرینوں کو واپی اور سورت جیسے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا تاکہ سیلاب زدہ علاقے میں مزید ٹرینوںکو آنے سے روکا جا سکے۔
 
 
ہنگامی صورتحال کے سبب  ویسٹرن ریلوے نے  مقامی غیرسرکاری تنظیموں کے تعاون سے  پھنسے ہوئے مسافروں میں کھانے کے پیکٹ، پانی  اور ناشتہ تقسیم کیا۔چیف پبلک ریلیشن آفیسر ونیت ابھیشیک نے بتایا کہ پال گھر میں حضرت نظام الدین-ممبئی سینٹرل غریب رتھ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو کھانے کے تقریباً  ۵۰۰؍پیکٹ فراہم کئے گئے تھے۔  متاثر ہونے والوں کی مدد کیلئے ممبئی سینٹرل، باندرہ ٹرمنس اور سورت سمیت بڑے اسٹیشنوں پر ہیلپ ڈیسک کو فعال کردیا گیا۔ شدید بارش سے لوکل ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئیں، بوریولی اور چرچ گیٹ کے درمیان ٹرینیں ۱۵، ۲۰؍ منٹ تاخیر سے چل رہی  تھیں جبکہ ویرار-دہانو سیکشن پرمسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا تھا۔ریلوے حکام نے مسافروں کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر سے نکل کر   اسٹیشن پر پہنچنے سے قبل اپنی ٹرینوں کی تازہ ترین صورتحال کی تصدیق کرلیں کیونکہ ٹرین خدمات کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK