Inquilab Logo

کل مودی کے ہاتھوں ٹیکہ کاری مہم کا آغاز، ساری تیاریاں مکمل

Updated: January 15, 2021, 12:13 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

سولہ جنوری کو پہلے دن ملک بھر میں تقریباً ۳؍ ہزار مراکز پر ۳؍ لاکھ سےزائد افراد کو ٹیکے لگائے جائیںگے۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی ٹیکہ لگانے والے کچھ لوگوں سے گفتگو بھی کریںگے۔ پہلے مرحلے میں ملک بھر میں ایک کروڑ ہیلتھ ورکرس اور۲؍ کروڑ فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکے مفت میں لگائے جائیںگے

Nitin Gadkari - Pic : PTI
ویکسین کو نہایت محفوظ طریقے سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیاجاتا ہے (تصویر: پی ٹی آئی

بالآخر وہ گھڑی آہی گئی جس کا مہینوں سے انتظار تھا۔ ۱۶؍ جنوری  سے ملک گیر سطح پر ویکسی نیشن کا آغاز ہوگا جس کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی کریںگے۔ اس موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ وزیراعظم ٹیکہ لگانے والے کچھ لوگوں سے گفتگو بھی کریںگے۔ 
 نیتی آیوگ کے رکن وی کے پال کے ذریعہ فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق اس مہم کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے ہوگا۔ پی ایم او کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق ۱۶؍ جنوری کو شروع کی جانے والی اس مہم  کے دوران تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے  ۲۹۳۴؍ مراکز کو ڈیجیٹل ذرائع سے جوڑا جائے گا۔اس دوران ملک بھر میں ۳؍ لاکھ سےزائد افراد کو ٹیکے دیئے جائیںگے۔ذرائع کے مطابق تمام مراکز پر روزانہ ایک سیشن میں ٹیکہ لگایا جائے گا۔ فی الحال اس کا آغاز تقریباً تین ہزار مراکز پر کیا جارہا ہے تاہم کچھ ہی دنوں میں مراکز کی تعداد بڑھاکر ۵؍ ہزار کردی جائے گی۔ 
 خیال رہے کہ ٹیکہ کاری کی اس مہم کے تحت پہلے دن جن تین لاکھ افراد کو ٹیکے لگائے جائیں گے، ان تما م کا تعلق طبی شعبے سے ہوگا۔یہ سب لوگ فرنٹ لائن پر آکر کورونا کی وبا سے برسر پیکار ہیں۔اس موقع پر مرکزی وزارت صحت نے ریاستوں کے نام ایک گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر مراکز پر طے  شدہ تعداد ہی کو بلایا جائے تاکہ کہیں پر بھی ہنگامہ آرائی کی نوبت نہ آئے۔ اس موقع پروزارت صحت نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ ویکسی نیشن کا عمل فرد کی اپنی مرضی پر منحصر ہوگا، اس کیلئے کسی کو مجبور نہیں کیاجائے گا۔ اسی کے ساتھ یہ بات بھی سامنے آئی کہ اپنی مرضی سے ویکسین لگوانے کامتبادل فی الحال موجود نہیں ہے۔ ذرائع  کے مطابق  ملک میں ۲؍ ویکسین آکسفورڈ  ایسٹرا جنیکا کی ’کووی شیلڈ‘ اور بھارت بایو ٹیک کی ’کو ویکسین‘کو ایمرجنسی استعمال کی منظوری ملی ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ ٹیکہ کاری میں شامل لوگوں کوابھی اپنی مرضی سے ویکسین لگوانے کا متبادل فراہم نہیں کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک کروڑ ہیلتھ ورکرس اور ۲؍ کروڑ فرنٹ لائن ورکرس کویہ ٹیکے مفت میں لگائے جائیںگے۔ اس کے بعد ۵۰؍ سال سےزائد عمر کے افراد اور سنگین بیماریوں سے جوجھ رہے۵۰؍ سال سے کم عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔اس طرح ۲۷؍ کروڑ افراد مستفید ہوںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK