Inquilab Logo

لاک ڈاؤن ختم مگر کووِڈ ابھی موجود ہے

Updated: October 21, 2020, 8:52 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

تہواروں  کے موسم میں وزیراعظم کا انتباہ، احتیاط برتنے کی اپیل

PM Modi - Pic : PTI
پی ایم مودی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ملک میں تہواروں  کا  موسم شروع ہونےسے قبل وزیراعظم نریندر مودی  نے قوم کے نام خطاب میں ہم وطنوں کو متنبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن بھلے ہی ختم ہوگیا ہے مگر کوروناوائرس ’کووڈ-۱۹‘ ابھی ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے ملک میں کورونا کے معاملات میں آرہی کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  یورپی ممالک میں   کورونا کی دوسری لہر کا حوالہ دیتےہوئے شہریوں  سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے معاملے میں قطعی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔ 
 ملک میں معمولات زندگی کے دھیرے دھیرے بحال ہونے کا حوالہ دیتےہوئے وزیراعظم  نے منگل کو قوم کے نام خطاب میں کہا ہے کہ ’’ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئےکہ لاک ڈاؤن  بھلے ہی ختم ہوگیا  ہے مگر وہ وائرس جو کورونا کے مرض میں مبتلا کرتا ہے وہ اب بھی ہمارے آس پاس موجود ہے۔ ‘‘ شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ’’اگرآپ لاپروائی برتتے ہیں تو آپ اپنے والدین اوربچوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے سنت کبیر کا دوہا پڑھ کر سنایا اور کہا کہ جب تک مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوجاتی تب تک اطمینان سے نہیں بیٹھا جاسکتا۔  اس کے ساتھ ہی انہوں  نے ’’جب تک دوائی نہیں تب تک ڈھلائی نہیں ‘‘ کا نعرہ بھی دہرایا۔ 
 وزیراعظم نے شہریوں کو دیوالی ، گرونانک جینتی اور دیگر تہواروں کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ۱۲؍ منٹ کے خطاب میں کہا ہے کہ ’’میں  آپ  اورآپ کے خاندانوں کو صحت مند دیکھنا چاہتا ہوں،  میں چاہتا ہوں کہ تہوار  آپ کی زندگیوں  میں  خوشیاں بھر دیں۔ ‘‘واضح رہے کہ ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ تہواروں کے موسم میں  بےاحتیاطی کورونا میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK