Inquilab Logo

مودی نے گاندھی خاندان تو امیت شاہ اور یوگی نے ملائم خاندان کو نشانہ بنایا

Updated: February 25, 2022, 11:13 AM IST | Jeelani Khan Aleg | Amethi

۲۷؍ فروری کو ہونےوالی پانچویں مرحلے کی پولنگ کیلئے زعفرانی خیمہ سرگرم، امیٹھی، پریاگ راج، بہرائچ، شراوستی، بارہ بنکی اورایودھیا میں سلسلے وار ریلیاں، پولرائزیشن کا کھیل جاری

Priya Patel with Prime Minister Narendra Modi at Priyagraj`s Acreli..Picture:INN
پریاگ راج کی ایک ریلی میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنا دل کی لیڈر انوپریہ پٹیل ۔ تصویر: آئی این این

 وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو امیٹھی اور پریاگ راج میں اپوزیشن بالخصوص کانگریس اور سماجوادی پارٹی پر برسے تو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بہرائچ اور بستی میںمذہبی کارڈ کھیلا۔بی جے پی کے تیسرے اہم اسٹار پرچارک اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بہرائچ، ایودھیا،شراوستی اور باری بنکی میں تابڑ توڑ ریلیاں کرکے سماجوادی پارٹی کو مسلسل آڑے ہاتھوں لیا۔ جمعرات کو گاندھی فیملی کے گڑھ رہے امیٹھی کے گوری گنج میں مودی نے کانگریس اور گاندھی خاندان پر سیدھا حملہ کیا۔انہوں نے گاندھی خاندان پریہاں کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’اس کنبے نے یہاں کے غریب خاندانوں کی زمین لے کر ان کے ساتھ دھوکہ کیا جبکہ بی جے پی نے یہاں۱۵۰۰؍کروڑ روپوں کے ترقیاتی کام کئے۔ انتخابی ریلی سےخطاب کرتے ہوئے مودی نے سماجوادی پارٹی(ایس پی) کے تعلق سے کہا کہ یہ پارٹیاں کنبہ پروری کی  طرف داررہی ہیںاور ہمیشہ اسی کی سیاست کرتی رہی ہیں جس کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ مودی نے ’ماں کارڈ‘ بھی کھیلا۔ انہوں نےکہا کہ۱۰۰؍سال کی عمر میں بھی وہ قانون پر عمل کرتے ہوئے قطارمیں لگ کر ٹیکہ لگواتی ہیں مگر ان کنبہ پرور لوگوں کا معاملہ یہ ہے کہ اگر انہیں موقع ملے تواصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر صرف ایک کنبے کاخیال کریں گے۔انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب ٹیکہ کاری شروع ہوئی تو مودی خود دوڑ کر سب سے پہلے ویکسین لگوانے نہیں پہنچا تھا بلکہ اپنی باری کا انتظار کیا۔ انہوں نےا یک بار پھر ’ماں گنگا ‘اور اس کےپیار کو بھی یاد کیا۔  اسی طرح پریاگ راج کے پھا پھا مئو اسمبلی حلقے میں ریلی  ایک سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اقر با پروری، لا اینڈ آرڈر، مذہبی سیاحت،بم دھماکہ،اقلیت نوازی،تعلیم اور روزگار جیسے ایشوز پر اپنے انداز میں بات کی۔انہوں نے نام لئے بغیراکھلیش یادو کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے انہیں’پریواروادی،افواہ وادی، پلائن وادی اوراندھ وشواس وادی‘ بتاتے ہوئے کہا کہ جوکرسی گنوانے کی ضعیف الاعتقادی کے سبب نوئیڈا اور بجنور نہیں جاتا ہو وہ اکیسویں صدی میں ایک صوبے کوکیسی قیادت دے گا، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ ادھر، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بہرائچ اور بستی میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے ’باہو بلی اور بجرنگ بلی‘ پر بات کی اور اعظم خان، مختار انصاری اور عتیق احمد کا بطور خاص ذکر کیا جو اُن کے بقول مافیا اور ترم خان ہیں مگریوگی حکومت نےان کی نکیل کس دی ہے۔اکھلیش یادو پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ایس پی حکومت میں ان کے ۴۵؍رشتہ دار اہم عہدوں پر تھے۔اسی طرح انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ اگر پھر یہ حکومت قائم ہوئی تو متذکرہ لوگوں کے ساتھ باقی مافیابھی جیل سے باہر ہوںگے اورہر طرف لاقانونیت ہوگی۔ بی جے پی کے تیسرے اہم اسٹار پرچارک وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو تابڑ توڑکئی اضلاع میں ریلیاں کیں، جن میں بارہ بنکی، ایودھیا، بہرائچ اور شراوستی شامل ہیں۔وہ بھی حسب معمول اکھلیش اورا ن کے خاندان پر شدید حملہ آور رہے۔انہوں نے شراوستی میں حسب معمول مذہبی کارڈ کھیلتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت میں ۳۱۴؍فسادات ہوئے،چھ مہینے تک کرفیو رہا،ہولی دیوالی پر بجلی نہیں ملتی تھی مگر محرم اور عید پر اس کی سپلائی کو یقینی بنایا جاتا تھا۔یوگی نے مزید کہا کہ تب فسادیوں اور غنڈو ں کاتانڈو رہتا تھا، سر عام لوٹ مار ہوتی تھی، کاروباریوں کی املاک جلادی جاتی تھیں، لوٹ لی جاتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ایس پی، بی ایس پی حکومت میں دو دھماکے بھی ہوئے ۔ہماری حکومت نے نظم و نسق کو بہتر بنایا اور مافیا اور غنڈوں کو جیل بھیج دیا، غیر قانونی قبضوں پر بلڈوزر چلوا کر غریبوں کیلئے مکانات کی تعمیر کرائی جارہی ہے۔
 خیال رہے کہ پانچویں مرحلے کی پولنگ کے تحت یہ انتخابی مہم جاری ہے۔ ۲۷؍فروری کو ۶۰؍سیٹوں کیلئے ۱۱؍ اضلاع میں ووٹنگ ہوگی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK