Updated: August 06, 2026, 4:03 PM IST
| Istanbul
مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح ترکی پہنچتے ہی اپنے نئے کلب کے مداحوں کی زبردست محبت کا مرکز بن گئے۔ استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ پر سیکڑوں شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں صلاح نے ہاتھ ہلا کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ کلب کا روایتی نعرہ بھی لگایا۔
مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح ترکی پہنچتے ہی اپنے نئے کلب کے مداحوں کی زبردست محبت کا مرکز بن گئے۔ استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ پر سیکڑوں شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں صلاح نے ہاتھ ہلا کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ کلب کا روایتی نعرہ بھی لگایا۔
محمد صلاح ترک سپر لیگ کے کلب طرابزون اسپور (Trabzonspor) میں شمولیت کے لیے ترکی پہنچے ہیں۔ کلب نے ایک روز قبل تصدیق کی تھی کہ صلاح کے ساتھ باضابطہ مذاکرات جاری ہیں اور وہ استنبول پہنچنے کے بعد طبی معائنے اور دیگر رسمی کارروائیاں مکمل کریں گے، جس کے بعد وہ طرابزون روانہ ہوں گے جہاں ان کی معاہدے پر دستخط کی تقریب متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے:مغربی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے سے روپے میں مضبوطی کا امکان: سنجے ملہوترا
ایئرپورٹ پر موجود مداحوں نے صلاح کے حق میں نعرے لگائے اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ صلاح نے بھی مسکراتے ہوئے مداحوں کا خیرمقدم قبول کیا اور کلب کی جرسی میں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، ’’طرابزون، کیا آپ تیار ہیں؟ بہت جلد ملاقات ہوگی۔‘‘
محمد صلاح اس موسمِ گرما میں انگلش کلب ’’لیورپول ‘‘سے نو سالہ کامیاب سفر ختم کرنے کے بعد فری ایجنٹ بن گئے تھے۔ لیورپول کے لیے انہوں نے ۴۴۲؍ مقابلوں میں ۲۵۷؍ گول کیے اور دو پریمیئر لیگ ٹائٹل، ایک یوئیفا چیمپئنز لیگ اور کئی دیگر بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔
یہ بھی پڑھئے:بارش کے باعث آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان پہلا ون ڈے منسوخ
رپورٹس کے مطابق طرابزون اسپور نے صلاح کو اپنی ٹیم کا سب سے بڑا اسٹار بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں کلب ترک سپر لیگ میں تیسرے نمبر پر رہا تھا اور اب یورپا لیگ کے پلے آف مرحلے میں حصہ لے گا۔ صلاح کی آمد سے شائقین کو امید ہے کہ ٹیم ملکی اور یورپی مقابلوں میں مزید مضبوط کارکردگی دکھا سکے گی۔