• Mon, 07 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل میں نومولود بچوں کے مقبول ترین ناموں میں ’’محمد‘‘ سرفہرست

Updated: September 07, 2026, 9:57 PM IST | Tel Aviv

اسرائیل میں ۵۷۸۶؍ ویں یہودی سال کے دوران نومولود لڑکوں میں محمد سب سے زیادہ مقبول نام رہا، جبکہ یہودی لڑکوں میں اریئل اور لڑکیوں میں اویگائل نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ روش ہشانہ سے قبل جاری آبادی و امیگریشن اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ۶؍ ستمبر تک اسرائیل میں ایک لاکھ ۷۹؍ ہزار ۳۹۸؍ بچوں کی پیدائش رجسٹر ہوئی، جبکہ یروشلم ۲۳؍ ہزار ۳۳۶؍ پیدائشوں کے ساتھ سرفہرست شہر رہا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اسرائیل میں محمد، اریئل اور اَوِیگائل ۵۷۸۶؍ ویں یہودی سال کے دوران نومولود بچوں کیلئے سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے نام رہے۔ یہ اعداد و شمار آبادی و امیگریشن اتھارٹی نے روش ہشانہ سے قبل جاری کئے، جن کے مطابق ۶؍ ستمبر تک ملک کے پاپولیشن رجسٹری میں مجموعی طور پر ایک لاکھ ۷۹؍ ہزار ۳۹۸؍ بچوں کی پیدائش درج کی گئی۔  دی یروشلم پوسٹ کے مطابق مجموعی آبادی میں لڑکوں کیلئے محمد سب سے زیادہ مقبول نام رہا، جس کے بعد اریئل، یوسف، آدم، ڈیوڈ، اومر، رافیل، لاوی، مائیکل اور ایتان کے نام شامل ہیں۔  محمد کا سرفہرست رہنا ایک طویل عرصے سے جاری رجحان کا تسلسل ہے۔ اس سے قبل بھی وہ قومی سطح پر کئی برسوں میں سب سے مقبول نام قرار پاتا رہا ہے، جن میں ۲۰۲۲ء میں روش ہشانہ سے قبل جاری کئے گئے اعداد و شمار بھی شامل ہیں۔ صرف یہودی لڑکوں کے ناموں کی بات کی جائے تو اریئل پہلے نمبر پر رہا، جو کئی برسوں سے اس نام کی مقبولیت کا تسلسل ہے۔ اس کے بعد ڈیوڈ، رافیل، لاوی، اُوری، مائیکل، ایلیا، ایتان، یہودا اور آری کے نام شامل رہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ پر امریکی حمایت کے خلاف ٹرمپ کی سابق حلیف مار جوری ٹیلر گرین برہم

لڑکیوں میں اَوِیگائل سب سے مقبول نام رہا اور عمومی آبادی کے ساتھ ساتھ اسرائیلی یہودیوں میں بھی پہلے نمبر پر رہا۔ مجموعی قومی درجہ بندی میں اَوِیگائل کے بعد مریم، لیا، لیبی، تامار، یاعیل، ایالا، سارہ، ایلا اور نایا کے نام شامل ہیں۔  یہودی لڑکیوں کے ناموں میں لیبی دوسرے نمبر پر رہا، جس کے بعد تامار، یاعیل، لیا، ایلا، ایالا، سارہ، نوعا اور نایا کے نام آئے۔ اَوِیگائل کی مقبولیت بھی کئی برسوں سے جاری ایک مضبوط رجحان کا حصہ ہے۔  اخبار نے نشاندہی کی کہ اسرائیل میں روایتی اور بائبلی نام مسلسل مقبول ترین ناموں میں شامل رہتے ہیں۔ اس رجحان کی عکاسی آبادی و امیگریشن اتھارٹی کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ مرکزی ادارۂ شماریات کی الگ رپورٹس میں بھی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کروشیا: ہزاروں ٹن کوڑاکرکٹ ہٹانے میں تاخیر پر حکومت کے خلاف زبردست احتجاج

 جغرافیائی اعتبار سے یروشلم میں ۵۷۸۶؍ ویں یہودی سال کے دوران سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش رجسٹر ہوئی۔ شہر میں ۲۳؍ ہزار ۳۳۶؍ نومولود بچوں کی پیدائش درج کی گئی۔ اس کے بعد بنی براک ۸؍ ہزار ۲۲۵؍ پیدائشوں کے ساتھ دوسرے اور تل ابیب-یافا ۷؍ ہزار ۴۰۵؍ پیدائشوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ پیدائشوں کے اعتبار سے دیگر نمایاں شہروں میں بیت شیمش (۶؍ ہزار ۹۷۴؍)، اشدود (۴؍ ہزار ۳۱؍)،حیفا (۳؍ ہزار ۴۲۱؍)، ریشون لزیون (۳؍ ۴۱۳؍)، نیتانیا (۳؍ ہزار ۳۴۳؍)، پیٹاح تکوا (۳؍ ہزار ۳۳۸؍)، اور مودیعین عِلیت (۳؍ ہزار ۱۱۳؍) شامل ہیں۔  یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں جاری کیے گئے جب اسرائیل ۵۷۸۷؍ ویں نئے یہودی سال میں داخل ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔ روش ہشانہ کی تقریبات جمعہ کی شام سے شروع ہوئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK