• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی میں ۴؍ دنوں سے روزانہ ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش

Updated: July 21, 2024, 1:04 PM IST | Iqbal Ansari/Shahab Ansari | Mumbai

سنیچر کی صبح تُلسی جھیل چھلک گئی۔ پانی بھرنے سےکئی سڑکیں بند کی گئیں۔ ممبئی اور تھانے میں آج بھی تیز بارش کی پیش گوئی۔

Vehicles can be seen passing through water on the road near Wadala Bridge. Photo: Shadab Khan
وڈالا بریج کے پاس سڑک پر جمع پانی سے گاڑیاں گزرتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔ تصویر:شاداب خان

گزشتہ ۴؍ روز سے ممبئی میں لگاتار ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو رہی ہے اور ممبرا سمیت تھانے کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی تلسی جھیل سنیچر کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے چھلک گئی۔ مضافات کے ۷؍ علاقوں میں صبح ۴؍ بجے سے محض ۶؍ گھنٹوں کے دوران ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ اور دیگر ۸؍ علاقوں میں ۹۸؍ سے ۸۳؍ ایم ایم تک بارش ریکارڈ کی گئی اور شام تک وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے آج (اتوارکو) بھی ممبئی اور تھانے کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 
 شہر و مضافات میں شدید بارش کے سبب متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں بند کی گئیں۔ چمبور میں واقع شیل کالونی سے گزرنے والی ۳؍ بسوں کو چمبور ناکہ پر موڑ دیا گیا۔ شیتل ٹاکیزسے کرلا کی ۶؍ بیسٹ بسوں کو بیل بازار، کمانی، بیل منی کال اسٹیٹ اور جامبل پاڑہ سے گزارا گیا۔ پانی بھرجانے سے اندھیری سب وے ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا جبکہ ملاڈ، مانخورد، پوئسر اور کھار سب وے سے پانی نکالنے کیلئے پمپ استعمال کئے گئے لیکن انہیں بند نہیں کیا گیا۔ 
 سنیچر کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے درمیان سانتا کروز میں ۵۲ء۳؍ ملی میٹر جبکہ قلابہ میں ۲۰ء۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ صبح ۴؍ بجے سے ۶؍ گھنٹوں میں مختلف چھوٹے اسٹیشنوں پر ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ اور ۸۰؍ سے ۹۰؍ ایم ایم کے درمیان بارش ہوئی۔ سنیچر کو گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سانتا کروز میں ۹۲ء۹؍ اور قلابہ میں ۱۱۴ء۷؍ ایم ایم بارش ہوئی۔ 
ممبرا: شیل پھاٹا اور شبلی نگر مین روڈ پر پانی بھرا
 ممبرا اور کوسہ میں ہونے والی تیز بارش کے سبب شیل پھاٹا اور شبلی نگر علاقے میں ممبئی پونے شاہراہ پر پانی بھر گیا تھا جس کے سبب وہاں کھڑی کار تیرتی ہوئی دکھائی دی۔ 
 پانی بھر جانے کے سبب موٹر سائیکل سواروں کو وہاں سے گزرنے میں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شیل پھاٹا سے ممبرا آنے والی سڑک پر سنیچر کی صبح کے وقت تقریباً ۳؍ فٹ پانی بھر جانے سے اس سڑک کو گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ 
تُلسی جھیل چھلک گئی
 سنیچر کی صبح سنجے گاندھی نیشنل پارک میں واقع تُلسی جھیل چھلک گئی۔ ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں یہ چھوٹی جھیلوں میں شمار ہوتی ہے اور ممبئی کویومیہ جو پانی سپلائی کیا جاتا ہے اس کا ایک فیصد پانی تلسی سے لیا جاتا ہے۔ 
 یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال اس جھیل پر اب تک دیگر تمام جھیلوں سے زیادہ، ۲؍ ہزار ملی میٹر سے زائد بارش ہوچکی ہے لیکن اس میں سے سب سے کم پانی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کے مقابلے رقبہ کے اعتبار سے سب سے بڑی اَپر ویترنا جھیل پر دیگر جھیلوں کے مقابلے سب سے کم، ۷۷۳؍ ملی میٹر بارش، ہوئی ہے۔ اس جھیل پر گزشتہ ۲؍ برسوں کے مقابلے بھی اب تک سب سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK