Inquilab Logo

مراکش زلزلہ: مہلوکین کی تعداد ۲؍ ہزار۸۰۰؍ سے تجاوز کرگئی

Updated: September 12, 2023, 2:22 PM IST | New Delhi

یونیسیف کے مطابق مراکش میں زلزلے کے سبب ایک لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں، قطر نے مراکش کو امدادی کارروائی فراہم کی، لوگوں کو ملبے سے نکالنے کا کام اب بھی جاری ہے

Many people have been displaced by the earthquake in Morocco. Photo: PTI
مراکش میں زلزلے کے سبب کئی افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

مراکش میں زلزلے کے سبب ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۲؍ ہزار ۸۰۰؍ سے تجاوز کر گئی ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کو مراکش میں ۸ء۶؍شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے سبب کئی عمارتیں ملبے میں تبدیل ہو گئی تھیں اور کئی افراد ملبے میں پھنس گئے تھے جنہیں نکالنے کیلئے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔ اس ضمن میں امریکی جغرافیائی سروے (یو ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ اس ریجن میں اس طرح کےزلزلے شاذو نادر ہوتے ہیں اور اب تک اس علاقے میں زلزلے کی شدت اتنی زیادہ درج نہیں کی گئی ہے۔ اس ضمن میں آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی کے ماہرارضیات کرس ایلڈرز نے کہا کہ مراکش کے اس حصے میں بہت کم ہی زلزلے آتے ہیں۔ زیادہ تر زلزلے بحیرہ روم کے ساحل پر شمالی علاقوں میں پائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں جنوبی مراکش کے اویرگن کے ریجنل ہیلتھ ڈائریکٹر عبد الحکیم مستید نے کہا کہ راحت رسانی کا کام مشکل ہو رہا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں راحت رسانی کے کام میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ فوج کے ساتھ ہم راحت رسانی کے کاموں میں رابطہ قائم کر رہے ہیں۔ زخمی افراد کو ہوائی جہاز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ مراکش کی نیشنل یونین ہیلتھ کے جنرل سیکریٹری عبد القادر ترفائی نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کیلئے سب سے زیادہ مشکل کام ملبے میں پھنسے ہوئے افراد کونکالنا ہے۔ بعد ازیں انہیں ملبے میں دبی ہوئی دیگر لاشوں کو نکالنے کا کام کرنا پڑتا ہے تاکہ وہ گل نہ ہو جائیں۔ 
خیال رہے کہ زلزلے کے سبب کئی ممالک نے مراکش کو امداد فراہم کی ہیں۔ حال ہی میں مراکش میں قطر کا جہاز پہنچا ہے جس میں انسانی امداد اور قطر کی ریسکیو ٹیمیں ہیں جو راحت رسانی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔ یونیسیف نے مراکش کے زلزلے کے تعلق سے کہا ہے کہ زلزلے کے سبب مراکش کے ایک لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں ایجنسی کا کہنا ہے کہ یونیسیف کو یہ علم نہیں ہے کہ مراکش میں زلزلے کے سبب کتنے بچے ہلاک ہوئے اور کتنے زخمی ہوئے لیکن ۲۰۲۲ء کے اعدادو شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مراکش میں بچوں کی ایک تہائی آبادی ہے۔ خیال رہے کہ مراکش میں اب تک زلزلے سے ۳؍ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK