ان کاحقیقی نام جمی ڈونالڈسن ہے اور ان کا کہنا ہے کہ مرنے سے قبل وہ اپنی ساری دولت عطیہ کردیں گے۔
EPAPER
Updated: May 21, 2025, 11:12 AM IST | Agency | New Delhi
ان کاحقیقی نام جمی ڈونالڈسن ہے اور ان کا کہنا ہے کہ مرنے سے قبل وہ اپنی ساری دولت عطیہ کردیں گے۔
میکسیکو کے مندر سے متعلق ویڈیو پر تنازع کا شکار ہونے والے ارب پتی یوٹیوبر اور بزنس مین’’مسٹر بیسٹ‘‘ اپنے یوٹیوب چینل سے ہر ماہ۴۲۷؍کروڑ روپے کماتے ہیں۔ ۲۰۲۴ء میں، وہ ۲۶؍ سال کی عمر میں ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوگئے تھے۔ اس وقت ان کی مجموعی دولت تقریباً ۸؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے ہے۔’’سلیبریٹی نیٹ ورتھ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، وہ دنیا کے’’آٹھویں سب سے کم عمر ارب پتی‘‘ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مرنے سے قبل وہ اپنی ساری دولت عطیہ کردیں گے۔
وہ ان دنوں جس ویڈیو کی وجہ سے تنازع میں ہیں وہ میکسیکو کےا یک مندر میں شوٹ کیا گیا ہے۔’’ میں قدیم مندر میں ۱۰۰؍ گھنٹے تک زندہ رہا‘‘ کے عنوان سے بنائے گئے اس ویڈیو سے انہوں نے ۶۰؍ ملین (۶؍ کروڑ )سے زیادہ افراد نے دیکھا ہے۔ میکسیکو کے محکمہ آثار قدیمہ نے اعتراض کیا ہے کہ ’ مسٹر بیسٹ‘ کو مندر میں صرف ویڈیو شوٹ کرنےکی اجازت دی گئی تھی لیکن انہوں نے شوٹنگ کے ذریعہ حاصل کردہ مشمولات کو منافع کیلئے استعمال کیا اور اس پر اشتہارات بھی حاصل کئے۔ اس کے جواب میں ’مسٹر بیسٹ ‘ کا کہنا ہے کہ’’ہم نے میکسیکو اور مایا ثقافت کا احترام کیا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہےکہ اس ویڈیو کا مقصد دنیا کو اس ثقافت سے متعارف کرانا اور جوڑنا تھا۔ انہوں نے اعتراضات کاجواب دیتے ہوئے کہا ہے ’’ویڈیو کیلئےفلم بندیسرکاری ایجنسیوں، ماہرین آثار قدیمہ، اور سائٹ کے نمائندوں کی موجودگی میں کی گئی تھی۔‘‘’ مسٹر بیسٹ‘ جن کا اصل نام’’جمی ڈونالڈسن‘‘ ہے،۷؍ مئی۱۹۹۸ء کو امریکی ریاست کنساس میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے صرف۱۲؍ سال کی عمر میں’’مسٹر بیسٹ ۶۰۰۰‘‘ کے نام سے یوٹیوب چینل شروع کیا۔