• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ۴؍ آرایم سی پلانٹس بند، ایم پی سی بی کی کارروائی

Updated: December 30, 2025, 1:14 PM IST | Agency | Mumbai

ممبئی میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے  مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ(ایم پی سی بی)  نے  ۴؍ ریڈی مکس کنکریٹ (آر ایم سی) پلانٹس بند کرائے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
ممبئی میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے  مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ(ایم پی سی بی)  نے  ۴؍ ریڈی مکس کنکریٹ (آر ایم سی) پلانٹس بند کرائے ہیں۔ ساتھ ہی ۳۷؍یونٹس کے خلاف کارروائی کرکے ۱ء۸۷؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔
اس ضمن میں ایم پی سی بی کے رکن سیکریٹری ایم دیویندر سنگھ نے بتایا کہ ’’یہ کارروائی ان آر ایم سی پلانٹس کے خلاف کی گئی ہے جو فضائی آلودگی کے بڑھنے کا سبب بن رہے تھے۔خصوصی فلائنگ اسکواڈ جلد ہی معائنہ شروع کریں گے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ مقررہ شرائط پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘  ایم پی سی بی نے ایک بیان میں بتایا کہ بورڈ کے چیئرمین سدھیش کدم کی صدارت میں ہونے والی جائزہ میٹنگ کے بعد ممبئی شہر کیلئے  چار اور نوی ممبئی کے لیے دو خصوصی معائنہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو آر ایم سی پلانٹس کا موقع پر معائنہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ میٹنگ میں ماحولیاتی ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والی یونٹس کے خلاف نفاذ کو مزید مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ حال ہی میں بی ایم سی  نےبی کے سی میں جاری بُلیٹ ٹرین کے تعمیراتی کام کو آلودگی مخالف ضابطوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے معطل کر دیا تھا۔
ایم پی سی بی کے مطابق اب تک کی گئی کارروائی میں۳۷؍ آر ایم سی پلانٹس سے ۱ء۸۷؍ کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے جبکہ چار اداروں کو فضائی آلودگی سے متعلق خلاف ورزیوں پر آپریشن بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ کدم نے کہا کہ ایم پی سی بی، میونسپل انتظامیہ کے اشتراک سے شہر میں فضائی معیار برقرار رکھنے کے لیے ایک خصوصی مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا،’’فضائی معیار کے تحفظ کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔‘‘ سنگھ نے بتایا کہ بورڈ روزانہ فضائی معیار کا جائزہ لے رہا ہے اور فلائنگ اسکواڈز کو شرائط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں۳۲؍ مستقل فضائی معیار مانیٹرنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے ۱۴؍ ممبئی شہر میں واقع ہیں۔ اس کے علاوہ۲۲؍ موبائل مانیٹرنگ وین بھی دستیاب ہیں جو ان علاقوں میں فوری پیمائش کیلئے  تعینات کی جا رہی ہیں جہاں فضائی معیار میں کمی نوٹ کی جاتی ہے۔خیال رہے کہ بدھ کو بامبے ہائی کورٹ نے بی ایم سی کوفضائی آلودگی معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔۲؍رکنی بنچ نے سوال قائم کیا کہ بی ایم سی نے ممبئی میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد لاگت کے ۱۲۵؍ سے زیادہ تعمیراتی منصوبوں کو کیسے منظوری دی، جبکہ آلودگی کی صورتحال قابو سے باہر ہو چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK