Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میں ایمبولنس خدمات کیلئے پالیسی وضع کی جائے گی

Updated: August 02, 2026, 6:30 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ممبئی میں ایمبولنس خدمات کیلئے پالیسی وضع کی جائے گی، ایمبولنس کی حقیقی سروس، مریضوں تک پہنچنے کا وقت، نرخوں کا تعین اور اسپتال تک رسائی کو مزید منظم بنانا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این
موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ جلد ہی ’مہاراشٹر اسٹیٹ ایمبولینس پالیسی‘ وضع کرے گا تاکہ مریضوں کی جان بچانے کیلئے ایمبولنس خدمات کو عوام کیلئے آسانی سے قابل رسائی، زیادہ موثر اور شفاف بنایا جاسکے۔ اس پالیسی کا مقصد ایمبولنسوں کے رجسٹریشن سے لے کر حقیقی سروس، مریضون تک پہنچنے کا وقت، نرخوں کا تعین اور اسپتال تک رسائی کو مزید منظم بنانا بتایا گیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فی الوقت ’مہاراشٹر ایمرجنسی میڈیکل سروسیز‘ (ایم ای ایم ایس) پارٹنرشپ کے تحت پوری ریاست میں ایک ہزار ۷۶؍ اور نجی اسپتالوں، خیراتی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعہ تقریباً ۵؍ ہزار مزید ایمبولنس فراہم کی جارہی ہیںلیکن عام شہریوں کو پتہ نہیں ہوتا کہ ان ہزاروں ایمبولنس میں کون سی ایمبولنس کس علاقے میں ہے، وہ کسی خدمت کیلئے دستیاب ہے یا نہیں، اگر دستیاب ہے تو اسے مریض تک پہنچنے میں کتنا وقت درکار ہوگا، ایمبولنس میں کیا سہولیات دستیاب ہیں، اس کا کرایہ کیا ہوگا اور کرایہ وصول کرنے کا ذمہ دار کون ہے؟ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کے مطابق نئی پالیسی میں ان تمام کمیوں کو دور کیا جائے گا۔ 
 
 
نئی پالیسی کے تحت ۴؍ الگ الگ ایپلی کیشن کے ذریعہ ایک ڈیجیٹل چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے جس میں شہریوں کیلئے علاحدہ، ایمبولنس ڈرائیوروں، ایمبولنس میں ’ٹیبلیٹ‘ کے ساتھ آرٹی او اور محکمہ صحت کو مربوط کرنا ہے۔ اس کی مدد سے شہری اپنے قریب ترین دستیاب ایمبولنس کو تلاش کرسکیں گے، اس کا صحیح مقام دیکھ سکیں گے کہ وہ اس وقت کہاں موجود ہے، اس کی آمد کا متوقع وقت جان سکیں گے، ویڈیو کال کے ذریعہ رہنمائی حاصل کرسکیں گے اور جو خدمات حاصل کی جانی ہے اس کا کیا کرایہ ہوگا وہ جان سکیں گے۔ڈائیور کیلئے جو ایپ ہوگا اس میں ڈیوٹی شروع اور ختم کرنے، کال قبول یا مسترد کرنے، رہنمائی اور دیگر سہولیات ہوں گی۔ ایمبولنس میں موجود ٹیبلیٹ کے ذریعہ مریض کی بنیادی معلومات، تفصیلات، اہم علامات، علاج کا ریکارڈ، اسپتال سے ویڈیو کے ذریعہ رابطہ، آکسیجن اور سکشن جیسے دیگر ضروری آلات کی معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ پالیسی میں آر ٹی او اور محکمہ صحت کے ڈیش بورڈ پر ہر رجسٹرڈ ایمبولینس کی جگہ، اسٹیٹس، ریسپانس ٹائم، ڈرائیور کے حساب سے کارکردگی، بار بار کال مسترد کرنے کی معلومات اور مشکوک یا غلط استعمال کے واقعات کی معلومات فراہم کرنے کی تجویز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK