Inquilab Logo

ممبئی۔ جالنہ وندے بھارت ٹرین کو ناندیڑ تک چلانے کا مطالبہ

Updated: January 02, 2024, 12:01 PM IST | ZA Khan | Nanded

موجودہ صورتحال میں ٹرین سے جالنہ کے مسافروں کو سہولت ہوگی مگر مراٹھواڑہ کے دیگر مسافروں کو فائدہ نہیں ہوگا۔

Recently Jalana. Mumbai Vande Bharat train has been started. Photo: INN
حال ہی میں جالنہ۔ ممبئی وندے بھارت ٹرین شروع کی گئی ہے۔ تصویر : آئی این این

ٹرین نمبر ۲۰۷۰۵؍ ۲۰۷۰۶؍جالنہ۔ممبئی وندے بھارت ۳۰؍ دسمبر سے شروع ہوچکی ہے ۔نئے سال کے آغاز پر اس نئی ٹرین کی شروعات سے مرااٹھواڑہ کے عوام خوش ہیں ۔ لیکن ساتھ ہی یہ سوال بھی پوچھا جا رہا ہے کہ کیا اس ٹرین سے ناندیڑ کے مسافروں کو بھی کوئی فائدہ پہنچے گا؟ اس میں کوئی شک نہیں کہ مستقبل میں جالنہ۔ ناندیڑ لائن کی ڈبل لائن اور الیکٹری فکیشن کا کام مکمل ہوتے ہی اس ٹرین کو ناندیڑ تک چلایا جائے گا۔ لیکن موجودہ شیڈول کے مطابق دیکھا جائے تو فی الحال ناندیڑ سے ممبئی کا سفر کرنے والوں کو اس سے کوئی خاص سہولت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اسی لئے اس ٹرین کو ناندیڑ تک چلانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ یاد رہے کہ وندے بھارت صرف چیئر کار ٹرین ہے یعنی اس میں مسافر پورا سفر بیٹھ کر کریں گے۔ اس میں دیگر ٹرینوں کی طرح سلیپر برتھ نہیں ہے۔ جبکہ ٹکٹ کے دام بھی کچھ کم نہیں ہیں ۔ اس لحاظ سے کیا کہ مراٹھواڑہ کے عوام وندے بھارت کی طرف راغب ہوں گے؟  اگر رفتار بڑھانے اور سفر کے وقت کو کم کرنے کیلئے کوئی نیا آسان شیڈول تیار نہیں کیا جاتا ہے، تو نہیں لگتا کہ اس ٹرین سے ناندیڑ کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
  یاد رہے کہ وندے بھارت ٹرین کو ممبئی سے جالنہ تک کا ۴۳۷؍ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں ۷؍ گھنٹے ۲۰؍ منٹ گھنٹے لگتے ہیں ۔ جبکہ جالنہ سے مزید ۱۷۳؍ کلو میٹر دور اناندیڑ تک پہنچنے میں ۶۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مزید ۳؍ گھنٹے لگیں گے۔ جالنہ میں آدھا یا ایک گھنٹہ ٹھہر کر یہ ٹرین دوبارہ ممبئی روانہ کر دیا جائےگا۔ اگر ممبئی واپس بھیجنے کے بجائے ناندیڑ روانہ کیا جائے تو مزید ۳؍ گھنٹے صرف ہوں گے اور وہاں غالباً ٹرین کی صاف صفائی کیلئے وقت نہیں مل سکے گا۔ اسی وجہ سے اس ٹرین کو جالنہ سے آگے ناندیڑ تک نہیں بڑھایا جارہا ہے ۔ یاد رہے کہ اب تک مسافر ممبئی ۔ جالنہ جن شتابدی ایکسپریس کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اسلئے وندے بھارت کو رسپانس اسی صورت میں مل سکے گا جب اس میں عوام کو بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔
  مسافروں کا کہنا ہے کہ اگر گاڑیوں کا شیڈول کچھ ایسا ہو کہ وندے بھارت ٹرین کے ذریعے جالنہ پہنچنے پر وہاں سے ناندیڑ کے لئے فوری طور پر کوئی ٹرین مل سکے تب ممکن ہے کہ ناندیڑ کے مسافر بھی وندے بھارت میں بیٹھنا پسند کریں ۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کو اس جانب توجہ دینی چاہئے اور ناندیڑ، پربھنی، اور دیگر مقامات کے عوام کی ضروریات کے مطابق شیڈول تیار کرکے وندے بھارت کی سروس بحال کرنی چاہئے۔ جب تک الیکٹریفکیشن کا کام مکمل نہیں ہو جاتا اور یہ ٹرین ناندیڑ تک نہیں چلائی جاتی تب تک مراٹھواڑہ کے تمام لوگوں کا اس سے فائدہ اٹھانا مشکل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK