• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی لوکل ٹرین متعدد تکنیکی خرابیوں کے باعث تاخیر کا شکار، مسافروں کو پریشانی

Updated: October 26, 2026, 3:40 PM IST | Mumbai

ممبئی میں سینٹرل ریلوے کی مین لائن پر اوورہیڈ تار اور سگنلنگ نظام میں خرابی کے باعث لوکل ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سی ایس ایم ٹی سے کلیان کے درمیان ٹرینیں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے چلیں، جبکہ کئی مسافر ٹرینوں میں پھنسے رہے۔

Passengers can be seen walking along the tracks as train services are disrupted. Photo: X
ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہونے سے مسافر پٹریوں پر چلتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں ۔ تصویر: ایکس

سینٹرل ریلوے (CR) کی مین لائن پر چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (CSMT) سے کلیان کے درمیان پیر، ۲۶؍ اکتوبر کو دو الگ الگ واقعات کے باعث لوکل ٹرینوں کی خدمات متاثر ہوئیں۔ اوورہیڈ آلات اور سگنلنگ نظام میں خرابی کے نتیجے میں ٹرینیں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے چلیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ممبئی لوکل ٹرینوں کی خدمات متاثر ہونے کے بعد مسافروں کو ریلوے پٹریوں پر پیدل چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
ممبئی لوکل ٹرینوں کی خدمات میں پہلی رکاوٹ صبح تقریباً۹؍ بجکر۲۳؍منٹ پر پیش آئی جب ملنڈ اور تھانے اسٹیشنوں کے درمیان ڈاؤن لوکل لائن پر، ۳۱/۱۴۶؍کلومیٹر کے مقام کے قریب، اوورہیڈ آلات (OHE) سے ایک غیر متعلقہ تار لٹکتا ہوا پایا گیا۔ اس کے بعد ریلوے حکام نے مرمت اور بحالی کے کام کیلئےصبح۱۰؍ بجے کرلا سے کلیان کے درمیان ہنگامی طور پر بجلی کی سپلائی بند کر دی۔ اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد بھانڈوپ اور کنجورمارگ اسٹیشنوں کے درمیان سگنلنگ نظام میں خرابی کی اطلاع ملی جس سے مین لائن پر مضافاتی ٹرینوں کی آمدورفت مزید متاثر ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سگنلنگ نظام میں خرابی کی وجہ کنجورمارگ اسٹیشن کے ریلے روم میں لگنے والی آگ ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: را ج ٹھاکرے نے’’مودی-اڈانی دوستی‘‘ پر ویڈیو ہٹا دیا

اس خرابی کے نتیجے میں تمام سگنل خالی ہو گئے، جس کے بعد ریلوے حکام کو ٹرینوں کی آمدورفت کو محدود اور منظم کرنا پڑا۔ وکھرولی اور بھانڈوپ کے درمیان خودکار سگنلنگ نظام متاثر ہونے کے باعث ٹرینیں اے بورڈ اتھاریٹی کے تحت چلائی گئیں، جبکہ اس سیکشن میں ایبسولیوٹ بلاک ورکنگ کا نظام نافذ کیا گیا۔ ان دونوں واقعات کے باعث ممبئی لوکل ٹرینوں کی آمدورفت اپ اور ڈاؤن، دونوں لائنوں پر متاثر ہوئی۔ ٹرینیں کم رفتار سے چلائی گئیں اور اس کے نتیجے میں سی ایس ایم ٹی سے کلیان تک پورے راستے پر تاخیر کا سلسلہ بڑھتا گیا۔ صبح کے مصروف اوقات میں سفر کرنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور کئی ٹرینیں ۶۰؍ منٹ یا اس سے زیادہ تاخیر سے چلیں۔ 
اوورہیڈ تار ملنے کے بعد ریلوے حکام نے بحالی کا کام شروع کیا، تاہم سگنلنگ نظام میں خرابی نے مین لائن پر مشکلات مزید بڑھا دیں۔ صبح۱۰؍ بج کر۴۸؍ منٹ پر بجلی کی بندش کا فیصلہ واپس لے لیا گیا اور سی ایس ایم ٹی سے ٹرینوں کی آمدورفت معمول کی رفتار سے بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ اس کے باوجود مسافروں نے شکایت کی کہ وہ ملنڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایئر کنڈیشنڈ (اے سی) لوکل ٹرینوں کے اندر تقریباً۴۵؍ منٹ تک پھنسے رہے۔ ریلوے حکام دونوں واقعات میں خرابی کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ ٹرینوں کی خدمات مکمل طور پر معمول پر آنے کا انتظار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK