Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میں مانسون کی مئی میں آمد کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے

Updated: May 26, 2025, 10:36 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

دستیاب ریکارڈ کے مطابق ۱۹۵۶ء سے ۲۰۰۶ء تک ۵؍ مرتبہ مئی میں بارش کا موسم شروع ہوا تھا اور تاریخیں تھیں : ۲۹؍ مئی اور ۳۱؍ مئی۔

People enjoy the pleasant weather on Marine Drive while dark clouds are visible in the sky. Photo: Atul Kamble
مرین ڈرائیو پر لوگ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں جبکہ آسمان پرکالے بادل نظر آرہے ہیں۔ تصویر: اتل کامبلے

محکمہ موسمیات نے آئندہ ۲،  ۳؍ روز میں ممبئی میں مانسون کی آمد کی پیش گوئی کی ہے  اور اگر ایسا ہوتا ہے تو شہرو مضافات میں مئی میں مانسون شروع ہونے کے ماضی کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے کیونکہ اس سے قبل ۲۹؍ اور ۳۱؍ مئی کو مانسون شروع ہوا تھا اور اس مرتبہ ۲۹؍ مئی سے پہلے بارش کا موسم شروع ہونے کا امکان ہے۔ 
 محکمہ موسمیات کے پاس جو ریکارڈ دستیاب ہے، اس کے مطابق ماضی میں ایسا محض ۵؍ مرتبہ   ہوا ہے جب ممبئی میں مئی میں مانسون شروع ہوا  ۔دستیاب ریکارڈ کے مطابق ۱۹۵۶ء میں ۲۹؍ مئی کو ممبئی میں مانسون شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد ۱۹۶۲ء میں ۲۹؍ مئی، ۱۹۷۱ء میں پھر ۲۹؍ مئی، ۱۹۹۰ء میں ۳۱؍ مئی اور پھر ۲۰۰۶ء میں بھی ۳۱؍ مئی کو مانسون شروع ہوچکا ہے۔ ممبئی میں محکمہ موسمیات کی سربراہ شبھانگی بھوٹے نے اتوار کو بتایا کہ مہاراشٹر اور گوا میں مانسون معمول کی تاریخ سے ۱۰؍ روز پہلے داخل ہوچکا ہے اور بارش کے لئے ماحول سازگار ہونے کی وجہ سے مانسون ممبئی سمیت دیگر چند علاقوں میں پہنچنے میں تقریباً ۳؍ روز درکار ہوں گے۔ اس حساب سے اگر مانسون ممبئی شہرومضافات میں ۲۷؍ یا ۲۸؍ مئی کو پہنچتا ہے تو کم از کم ۱۹۵۶ء کے بعدیہ پہلا موقع ہوگا جب مانسون ۲۹؍ مئی سے پہلے ممبئی میں شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: ۱۶؍ سال بعد مئی میں مانسون کی ممبئی آمد کا امکان

محکمہ موسمیات کی ایک دیگر سائنسداں سشما نائر کے مطابق ماضی میں ایک مرتبہ ۱۹۹۰ء میں مانسون ۲۰؍ مئی کو مہاراشٹر میں داخل ہوا تھا، اس کے بعد سے ۲۰۲۴ء تک مہاراشٹر میں جون   ہی میں مانسون کی ابتداء ہوئی ہے۔
 بارش کا موسم تکنیکی طور پر باقاعدہ شروع ہونے کی تاریخ کے علاوہ عام طور پر لوگوں کے تجربہ میں بھی یہ بات آئی ہے کہ موسم باراں کی آمد سے قبل ہونے والی بارش جسے ’پِری مانسون رین‘ کہا جاتا ہے ، وہ گزشتہ کئی دہائیوں میں اتنی شدید نہیں رہی جتنی رواں سال  اب تک ہوچکی ہے۔موسم میں ان تبدیلیوں کے باوجود اتوار کو دوپہر میں محکمہ موسمیات کی جانب سے شہرو مضافات میں بارش کے تعلق سے کی گئی پیش گوئی میں بدھ تک کیلئے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے بعد ۲۹؍ مئی جمعرات کو بارش کی قوت مزید کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی مغربی مضافات کے علاقے سانتا کروز میں واقع مشاہدہ گاہ میں سنیچر کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے اتوار کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے کے درمیان ۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۷؍ ملی میٹر اور اسی وقفہ کے دوران جنوبی ممبئی کے علاقے قلابہ میں ۳۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK