Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسکولی بچوں کے ذریعے’آئو بدلیں‘ صفائی مہم

Updated: August 25, 2023, 10:58 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

۶۴؍ہزار اسکولوں کے۳؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار طلبہ’ صفائی مانیٹر‘ بنائے جائیں گے

Photo. INN
تصویر:آئی این این

عوام میں صفائی سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور علاقےمیں صفائی رکھنے کی ذمہ داری کا احساس جگانے اُجاگر کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے محکمہ تعلیم کے توسط سے ’’آئو بدلیں ‘‘صفائی مہم شروع کرنےکا اعلان کیا ہے ۔ اس کے تحت عوام کو گندگی اور غلاظت سے دور رہنےکا پیغام دیا جائے گا۔ اس مہم کیلئے ریاست بھرکے ۶۴؍ ہزار سے زائد اسکولوں کے ۳؍لاکھ ۸۰؍ ہزار طلبہ کو صفائی مانیٹر بنایاجائے گا۔ باقاعدہ انہیں شناختی کارڈ دیئے جائیں گے۔ طلبہ عوام کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کریں گے اور ان میں بیداری پیدا کریں گے۔اس تعلق سے منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے علاوہ وزیر تعلیم دیپک کیسرکر، وزیر صنعت اُودئے سامنت، تعلیمی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول، جوائنٹ سیکریٹری امتیاز قاضی، ’چلوبدلیں صفائی مہم کے ڈائریکٹر روہت آریہ کے ساتھ صفائی کے مانیٹر طلبہ موجود تھے۔
 جن طلبہ کو صفائی مانیٹر بنایاگیاہے وہ صفائی کےمعاملہ میں عوام سے نادانستہ طورپر ہونےوالی غلطیوں کی نشاندہی کریں گے۔ جو لوگ سڑکوں ،گلی کوچوں اور شاہراہوں پر لاپروائی سے کوڑا کر کٹ پھینکتے یا تھوکتےدکھائی دیں گے ،انہیں ان کی غلطیوں کا احساس دلایاجائے گاتاکہ وہ دوبارہ اس طرح کی غلطی نہ کریں ۔ صفائی مانیٹر اس طرح کی غلطی کرنےوالوں کے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے۔ مہم میں حصہ لینےوالے اسکولوں اور طلبہ میں بہترین کارکردگی پیش کرنےوالے۱۰۰؍ اسکول اور۳۰۰؍ طلبہ کو۲؍اکتوبر( گاندھی جینتی) کے موقع پرممبئی میں اعزاز سے نوازاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےنے کہاہےکہ اس مہم سے تبدیلی ضرور آئے گی۔ بڑوں کو سننا پڑتا ہے کہ بچے کیا کہتے ہیں ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صفائی صحت کے حوالے سے ایک اہم موضوع ہے اور چونکہ ۶۴؍ہزار اسکولوں کے ۳ء۸؍لاکھ طلبہ مہم میں حصہ لے رہے ہیں ، اس لئے صفائی کے معاملے میں بنیادی تبدیلی آئے گی۔وزیر تعلیم دیپک کیسر کر نے کہاکہ ’’ریاست میں صفائی مانیٹرس کی پہل کے ذریعے طلبہ سماج کو بدلنے کی کیمیا ثابت ہوں گے ۔مہم میں طلبہ کی بڑے پیمانے پر شریک ہونے سے مہاراشٹر بھی صفائی کے معاملے میں ملک میں پہلے نمبر پر آئے گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK