• Wed, 16 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وسئی سن سٹی قبرستان :اب لاشیں تیرنےکا پروپیگنڈہ!

Updated: August 14, 2023, 11:28 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Vasai

اس پورے معاملے میں سیاست کرنے کامقامی مسلمانوں کے ذریعےالزام عائد کیا گیا ۔ چہاردیواری کی تعمیرکاکام تقریباًمکمل ہونے کے باوجود پھرقانونی داؤ پیچ میں الجھادیا گیا

Repeated obstructions are being put up to prevent the construction of a graveyard on a reserved plot in Vasai Sun Steam.. INN
وسئی سن سٹی میں ریزروڈ پلاٹ پر قبرستان بنانے سے روکنے کیلئے بار بار رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔ تصویر:آئی این این

ہاںسن سٹی علاقے میں قبرستان کیلئے ریزرو پلاٹ پر چہار دیواری کا کام تقریباً مکمل ہوجانےکے باوجود اسے قانونی داؤ پیچ میںالجھادیا گیا ہے۔ اب یہاں مخالفین کی جانب سے لاشیں تیرنے کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے۔ ان کی جانب سے الگ الگ گروپ اوریوٹیوب چینلو ںکے ذریعے یہ مشتہر کرتے ہوئے مخالفت کی جارہی ہے کہ جب تیزبارش ہوگی تو یہاں لاشیں تیریںگی ا ور لاشیں وسئی تک بہہ کر جائیںگی۔ اس لئےیہاں کسی صورت بھی قبرستان نہ بنایا جائے اور ریزرویشن ختم کیاجائے۔ 
 دراصل جولائی کے اخیر میں جومسلسل تیزبارش ہوئی اس دوران سن سٹی میں ہی نہیں بلکہ ممبئی کے اہم اورپاش علاقوں میں بھی پانی بھرگیا تھا اورٹریفک نظام تھم گیا تھا۔ ظاہر ہے اس وقت وسئی ہی نہیں نالاسوپارہ، ویرار اور دیگر علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال تھی ، اس وقت کے مناظر کوبنیاد بناکرشرانگیزی کی جارہی ہےکہ جب بار ش میںیہ حالات ہوںگے تولاشیں باہرآجائیںگی جبکہ یہ صریح جھوٹ اوربے بنیاد بات ہے ۔لاشیں دفنانےاورقبر تیار کرنے کا ایک نظم ہے۔اس لئے لاش باہر آنے یا تیرنے کاکوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔
سیاست کرتے ہوئے اس معاملے کو جان بوجھ کرالجھایا گیا 
 مقامی مسلمانوں(نام بالقصد نہیںلکھا جارہا ہے) کا کہنا ہے کہ سن سٹی قبرستان میںآئے دن کوئی نہ کوئی شوشہ چھوڑا جاتا ہے ، ویسے بھی شروع سے ہی ا س تعلق سے سیاست کی جارہی ہے ۔اسی سیاست کا ہی نتیجہ ہے کہ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی جانب سے چہار دیواری کیلئے باقاعدہ فنڈ مختص کیا گیا،کنٹریکٹر کا انتخاب کرتے ہوئے اسے کام سونپا گیا اورچہار دیواری کاکام تقریباً مکمل ہوگیا لیکن عین اسی وقت سکل ہندوسماج کی جانب سے آرایس ایس ،بجرنگ دل اوروشوا ہندو پریشد کی جانب سے قبرستان کے خلاف مورچہ نکالا گیا اورمظاہرین نے پولیس کی موجودگی میں کھل کرشرانگیزی کی لیکن کسی کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
 مقامی مسلمانوں کے مطابق سیاست کرنے کاالزام اس لئے بھی عائد کیا جارہا ہے کیونکہ جیسے ہی چہار دیواری کی تعمیر کا کام آگے بڑھا رخنہ اندازی شروع کردی گئی ۔ اب یہ معاملہ نیشنل گرین ٹریبونل(پونے ) میںزیرسماعت ہے۔ٹریبونل میں فیصلہ ہونے کے بعد ہی بقیہ کام آگے بڑھ سکے گا ۔ 
وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کا جواب 
 وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے افسران اورسٹی انجینئرراجیندرلاڈ کا آج بھی یہی جواب ہے کہ یہ معاملہ گرین ٹریبونل میں زیرسماعت ہے ، فیصلہ آنے کے بعد کام آگے بڑھایاجائے گا اورجو رکاوٹیں ہیں،وہ دور ہو جائیںگی۔ افسران کا یہی جواب پہلے بھی تھا ،آج بھی ہے ۔حالانکہ کارپوریش کی جانب سے جب کنٹریکٹر کومارچ میں کام روکنے کا حکم دیا گیا تھا تو یہ کہا گیا تھا کہ جلد ہی کام شروع کرنے کے لئے دوبارہ حکم نامہ جاری کیا جائے گا لیکن تقریباً ۵؍ماہ بعد بھی معاملہ معلق ہے ا ورکوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ صرف سیاست کارفرما ہے۔
سن سٹی قبرستان کے لئے پلاٹ ریزور کئے جانے کی مختصر تفصیل
 ۲۰۱۱ء میں یہ جگہ ریاستی حکومت نے مہانگر پالیکا کو قبرستان کے لئے دی۔ قبرستان کی چہاردیواری اور دیگر کام کے لئے ایک کروڑ ۷۵؍ لاکھ ۲۶؍ ہزار ۳۶۴؍ روپے کا فنڈ منظور کیا گیا اورکام پورا کرنے کی مدت ایک سال رکھی گئی تھی۔۲۰۱۳ء میںزمین ہموار کی گئی اورکام کرنےکے لئے ٹینڈر نکالا گیا۔ ۲۰۱۶ ءمیں شیوسینا شاکھاپرمکھ نے مخالفت کرتے ہوئے نیشنل گرین ٹریبونل میں شکایت کی تھی ۔ اس وقت دیوار ڈھادی گئی تھی۔ اب پھر وہی صورتحال پیدا کی گئی ہے اور پورازور لگایا جارہا ہےکہ کسی نہ کسی رخنہ اندازی جاری رہے تاکہ کام آگے نہ بڑھ سکے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK