• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو سی سی سماعت : تھانے ضلع کی تنظیموں اور شہریوں نے اپنے اعتراض درج کروائے

Updated: November 23, 2026, 12:46 PM IST | Iqbal Ansari | Thane

سماعت کے دوران یو سی سی کی مخالفت کرنے والوںنے کہا کہ اس قانون سے ہندوستان کی اصل پہچان ’کثرت میں وحدت‘ کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، اسےآئین مخالف قرار دیا۔

Representatives of community organizations after registering their objections before the UCC committee at the Thane District Collector`s office. Photo: INN
تھانے ضلع کلکٹر دفتر میں یو سی سی کمیٹی کے سامنے اپنا اعتراض درج کرانے کے بعد ملی تنظیموں کے نمائندے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر یکساں سول کوڈ(یو سی سی) کے مسودے (ڈرافٹ) کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے روبرو اتوار کو عوامی آراء پیش کرنے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس دوران ممبرا، تھانے، بھیونڈی اور اطراف کے علاقوں کی متعدد ملی و سیاسی تنظیموں کے نمائندوں اور کئی شہریوں نے انفرادی طور پر کمیٹی کے سامنے حاضر ہو کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تمام ملی تنظیموں نے یہ موقف واضح کیا کہ آئینِ ہند ہر شہری کو اپنے پسندیدہ مذہب پر عمل کرنے کی پوری آزادی دیتا ہے اور شادی، وراثت و گود لینے کے اصول براہِ راست مذہبی عقائد سے جڑے ہوئے ہیں۔ یو سی سی کا نفاذ ان آئینی حقوق پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ ’لِو اِن ریلیشن شپ ‘بھی ہندوستانی تہذیب کے خلاف ہے اور اس سے بدکاری (زنا) کو فروغ ملتا ہے۔ اس دوران یو سی سی کی مخالفت کرنے والوںکا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قانون سے ہندوستان کی اصل پہچان ’کثرت میں وحدت‘ کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یو سی سی  پرسفارشات پیش

جماعتِ اسلامی ہند (جے آئی ایچ) ممبرا اور یوتھ موومنٹ آف مہاراشٹر (وائی ایم ایم) ممبرا کے ایک وفد نے اتوار کو بیلاپور کے کوکن بھون میں حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے روبرو مجوزہ یکساں سول کوڈ(یو سی سی) کے مسودے پر اپنے تحفظات، اعتراضات اور سفارشات باضابطہ طور پر پیش کیں۔ اس موقع پر چند دیگر جماعتوں کے رضاکاروں نے بھی اپنے اعتراضات درج کروائے۔

یہ بھی پڑھئے: گوگل سرچ سے کبھی ۳۹؍ فیصد ٹریفک پانے والے ریڈٹ کے وزٹس میں ۱۳؍ فیصد کمی

وفد کی جانب سے پیش کردہ نکات میں مذہبی آزادی، آئینی حقوق، پرسنل لاز اور مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے حقوق سے متعلق اہم خدشات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں تنظیموں نے واضح کیا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی مجوزہ قانون ملک کے آئین، سماجی تنوع اور ہر شہری کے بنیادی حقوق کا مکمل احترام کرے۔

تھانے کلکٹر آفس میں ویڈیو کانفرنسنگ

اتوار کو تھانے ضلع کلکٹر دفتر کی پانچویں منزل پر واقع کانفرنس ہال میں ان افراد کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے یو سی سی کمیٹی کے سامنے اپنی رائے پیش کرنے کا انتظام کیا گیا تھاجوکن بھون نہیں پہنچ سکے تھے۔ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے ۱۰؍ ٹوکن تقسیم کئے گئے تھے جہاں کچھ تنظیموں کے نمائندوں نے گروپ کی صورت میں جبکہ چند افراد نے انفرادی طور پر اپنی بات رکھی۔

اس دوران بند کانفرنس ہال میں جن تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں نے تھانے کلکٹر کے دفتر پہنچ کریوسی سی سے متعلق اپنا موقف پیش کیا، ان میں مولانا اوصاف فلاحی (فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمز، بھیونڈی)، جاوید احمد شیخ(ایس ڈی پی آئی، ممبرا/تھانے)، رضوان فریدی اور شعیب انصاری (بھیونڈی)، ندیم علی حسن بہادری(ایم پی جے)، فاضل انصاری (کل جماعتی تنظیم)، سید حسین (جماعتِ اسلامی، تھانے)، انجم علی باپے (تھانے، رابوڑی) ، ابوبکر رشید شیخ (شانتی نگر، بھیونڈی) اور دیگر شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK