• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا : محمد احتشام نے اسٹیٹ کراٹے اینڈ ککباکسنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا

Updated: October 14, 2025, 3:45 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

۱۲؍ ویں جماعت کے طالب علم محمد احتشام ندیم خان قادری  نے ممبرا میں منعقدہ مہاراشٹر اسٹیٹ کراٹے اینڈ کک باکسنگ مقابلے میں اپنے حریف کو چند ہی سکینڈ میں ناک آؤٹ کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔

Muhammad Ehtesham Nadeem Khan Qadri. Photo: INN
محمد احتشام ندیم خان قادری۔ تصویر: آئی این این
۱۲؍ ویں جماعت کے طالب علم محمد احتشام ندیم خان قادری  نے ممبرا میں منعقدہ مہاراشٹر اسٹیٹ کراٹے اینڈ کک باکسنگ مقابلے میں اپنے حریف کو چند ہی سکینڈ میں ناک آؤٹ کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ محمد احتشام اسکول اور کالج کی سطح پر  کھیل کود کے مقابلوں میں اب تک تقریباً ۸؍ مرتبہ گولڈ،سلور اور برونز میڈل حاصل کرچکا ہے۔
دی لیجینڈس آف   مارشل آرٹس اسوسی ایشن آف انڈیا کے زیر سرپرستی ممبرا کوسہ کے ایم ایم ویلی میں واقع مولانا ابوالکلام آزاد تھانے میونسپل کارپوریشن اسٹیڈیم میں مہاراشٹر اسٹیٹ کراٹے اینڈ کک باکسنگ چمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا  جس میں ممبرا کوسہ کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ  نے ۱۲؍ سے ۱۷؍ سال کی عمر کے الگ الگ زمرے میں ہونے والے کراٹے اور کک باکسنگ مقابلوں میں حصہ لیا  ۔ مذکورہ مقابلہ میں محمد احتشام کے علاوہ کل ۱۸؍ کھلاڑیوں نے مختلف زمرے میں گولڈ ، سلور اور برونز میڈل حاصل کئے۔ 
  فائنل مقابلہ میں اپنے حریف کو محض آدھے منٹ میں چت کرکے محمداحتشام نے مہاراشٹر اسٹیٹ کراٹے اینڈ کک باکسنگ چمپئن شپ مقابلہ میں پہلا مقام حاصل کرکے گولڈ میڈل ، سرٹیفکیٹ اور ٹرافی اپنے نام کرلی۔ 
محمداحتشام عبد اللہ پٹیل جونیئر کالج میں ۱۲؍ ویں جماعت ( کامرس) میں زیر تعلیم ہیں۔  انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے محمد احتشام نے بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے کسی کھیل کودکے مقابلہ میں میڈل حاصل کیا ہے۔  انہوں نے ۲۰۱۴ء سے ۲۰۱۹ء کے درمیان کراٹے اور کک باکسنگ کی ٹریننگ حاصل کی ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے اس سے قبل سائن دھاراوی اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے انٹر اسکول مقابلوں میں بھی سلور میڈل حاصل کیا تھا ۔ اس کے علاوہ فٹ بال ، کرکٹ اور کبڈی میں بھی کئی بار بہترین کھلاڑی کی حیثیت سے میڈل حاصل کر چکے ہیں۔
کھیل کودکے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں اپنا مستقبل سنوارنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمداحتشام نے کہا کہ ’’میں عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی پابندی سے حاصل کررہا ہوں۔ سورہ یٰسین کے علاوہ کئی سورتیں حفظ کر چکا ہوں۔ رہی بات کک باکسنگ اور کراٹے کی تو میں عصری تعلیم کو اولیت دیتا ہوںلیکن نیشنل اور انٹر نیشنل سطح پر میڈل حاصل کرنا میرا نصب العین ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ  قومی سطح پر میڈل حاصل کروں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK