Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا میں میونسپل بس کے مسافر بارش میں بھیگنے پر مجبور

Updated: July 07, 2025, 11:35 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

شیڈ نہ ہونے پر چلچلاتی دھوپ میںبھی کھڑا ہونا پڑ رہاہے ،معمر افراد، خواتین اور بچیوں کو شدید دقتوں کا سامنا ۔مقامی لیڈر نے شیڈ والا بس اسٹاپ بنانے کا مطالبہ کیا۔

People waiting for a bus near a bus stop in Mumbra. Photo: Inquilab
ممبرا میں بس اسٹاپ کے قریب لوگ بس کا انتظار کرتےہوئے۔ تصویر:انقلاب

 ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب تھانے میونسپل ٹرانسپورٹ ( ٹی ایم ٹی) بس کا اسٹاپ تو ہے لیکن یہاں نہ ہی کوئی شیڈ ہے اور نہ کھمبا لگا ہوا ہے، البتہ روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو یہاں اسٹاپ ہونے کا علم ہے، اس لئے مسافر یہاں قطار لگا کر کھڑے ہو جاتے ہیں ۔ یہاں کوئی شیڈ نہ ہونے کے سبب برسات کے دوران مسافر و ں کو بھیگنا پڑتا ہے اور اسی طرح چلچلاتی دھوپ کو بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ بارش اور دھوپ سے بچنے کیلئے متعدد مسافر فلائی اوور کے نیچے کھڑے ہو جاتے ہیں ۔ مسافروں کی اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم ) کے مقامی لیڈر (میونسپل پینل نمبر ۳۲ )کے صدر غفار شیخ نے ٹی ایم ٹی کے جنرل منیجر سے ملاقات کی اور انہیں مکتوب دے کر مسافروں کیلئے شیڈ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 اس سلسلے میں غفار شیخ نے بتایاکہ ’’ ممبرا کی آبادی ۱۲؍ سے ۱۵؍ لاکھ ہو گئی ہے اور بڑی تعداد میں غریب شہری ممبرا، کوسہ اور شیل پھاٹا آمد و رفت کرنے کیلئے میونسپل بسوں سے سفر کرتے ہیں ۔ کوسہ سے تھانے اور ممبئی کے مختلف علاقوں میں روزانہ آمدورفت کرنے والے کئی مسافرممبرا ریلوے اسٹیشن پر واقع ایم گیٹ کے پاس بس اسٹاپ سے بس میں سوار ہوتے ہیں لیکن یہاں شیڈ والا بس اسٹاپ ہے اور نہ ہی کھمبا والا بس اسٹاپ ہے۔ یہ بس اسٹا پ تقریباً ۱۵؍ سال پرانا ہے۔ اس کے باوجود مسافروں کو کوئی سہولت نہیں دی جارہی ہے۔ شیڈ نہ ہونے کے سبب برسات کے وقت مسافروں کو بھیگنا پڑتا ہے اور اسی حالت میں انہیں سوار ہونا پڑتا ہے جس سے مسافر خصوصاً معمر افراد، خواتین اور بچیوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
 انہوں نے مزید کہا کہ ’’کئی مرتبہ تو بارش اور چلچلاتی دھوپ سے بچنے کیلئے مسافر فلائی اوور کے نیچے جاکر کھڑے ہو جاتے ہیں اور جب بس آتی ہوئی د کھائی دیتی ہے تو اسٹاپ کی جگہ آ جاتے ہیں ۔ مسافروں کی اسی پریشانی کو دیکھتے ہوئے ہم نے ٹی ایم ٹی کے جنرل منیجر بھالچندر بہرے سے ملاقات کی او رانہیں لیٹر دے کر مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممبرا ریلوے اسٹیشن پر شیڈ والا بس اسٹاپ بنائے اور اسی طرح تنور نگر، قسمت کالونی اور امرت نگر ان مقامات پر بس اسٹاپ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 انہوں نے مزید بتایاکہ ’’افسر نے ہمیں یقین دلایاہے کہ وہ جلد از جلد ہمارے مطالبے کو پورا کریں گے اور اگر وہ یہ سہولتیں مہیا نہیں کراتے تو ہم وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک سے یہ مطالبہ کریں گے۔ ‘‘
 غفار شیخ نے دعویٰ کیاکہ سنجے نگر، شنکر مندر اور دیگر علاقوں میں جو شیڈ والا بس اسٹاپ بنایاگیا ہے وہ ہماری درخواست پر ہی لگا ہے۔ مقامی لیڈروں کو مسافروں کی پریشانی نظر نہیں آتی بلکہ وہ گٹر اور کچرے ہی میں لگے ہوئے ہیں ۔ 
  ایم گیٹ سے سفر کرنے والی ایک خاتون نے بتایاکہ’’ دفتری اوقات میں بس تاخیر سےآتی ہے اور شیڈ نہ ہونے سے ہمیں بھیگنا پڑتا ہے۔ اگراے سی بس آئے تو ہمیں بھیگے ہوئے ہی اس میں سفر کرنا پڑتا ہے۔ بھیڑکے اوقات میں تو مردوں کے درمیان بھی سفر کرنا پڑتا ہے۔ ‘‘
 ایک معمر مسافر نے بھیگنے کی شکایت دہراتے کے بعد مزید کہا کہ’’ معمر اور معذوروں کیلئے بیٹھنے کی بھی جگہ مہیاکرانا چاہئے کیونکہ بس کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں ہوتا۔ ‘‘
 ایک نوجوان نے مطالبہ کیا کہ جس طرح سنجے نگر اور تھانے میں مسافروں کے لئے جدید طرز کا بس اسٹاپ بنایا گیا ہے اسی طرز کا بس اسٹاپ یہاں بھی بنایا جائے اور اس پر یہاں رکنے والے بسوں کی تفصیل بھی درج ہو جس طرح بیسٹ کےاسٹاپس پر درج ہوتے ہیں ۔ 
 انہوں نے مزید کہا کہ بیسٹ نے مسافروں کی سہولت کیلئے ’چلو‘ ایپ متعارف کروایا ہے اس سے مسافر بس سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ اسی طرح کا ایپ تھانے میونسپل ٹرانسپورٹ کو بھی شروع کرنا چاہئے جس سے بس کے ڈیجیٹل طریقے سے کرایہ ادا کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ 
  اس ضمن میں جنرل منیجر نے جلد ضروری اقدام کرنے کا یقین دلایا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK