بالی ووڈ کے مشہور موسیقار پرتیم چکرورتی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ نے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ۵۵؍ ویں سالگرہ کے موقع پر شیئر کئے گئے پیغام کو مداح ان کی مین اسٹریم موسیقی سے ممکنہ کنارہ کشی یا ریٹائرمنٹ کا اشارہ قرار دے رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: June 15, 2026, 6:11 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ کے مشہور موسیقار پرتیم چکرورتی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ نے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ۵۵؍ ویں سالگرہ کے موقع پر شیئر کئے گئے پیغام کو مداح ان کی مین اسٹریم موسیقی سے ممکنہ کنارہ کشی یا ریٹائرمنٹ کا اشارہ قرار دے رہے ہیں۔
ہندوستانی سنیما کے معروف موسیقار پرتیم چکرورتی (پرتیم) ۱۴؍جون ۲۰۲۶ءکو۵۵؍ برس کے ہوگئے۔ اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جس کے بعد ان کی مین اسٹریم موسیقی سے ممکنہ ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
پرتیم کی مبینہ ریٹائرمنٹ کی پوسٹ نے مداحوں کو پریشان کردیا
انسٹاگرام پر پرتیم نے اپنی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا:’’تمام نیک خواہشات کیلئے شکریہ۔ میں ہر ایک کو الگ الگ جواب نہیں دے سکتا، لیکن براہِ کرم میری دلی تشکر قبول کیجیے۔ ‘‘انہوں نے مزید لکھا:’’آج میں نے فیصلہ کیا ہے کہ خود کو چند سال تحفے میں دوں تاکہ زندگی کو ایک مختلف انداز میں جی سکوں، ان چیزوں کو وقت دے سکوں جو مجھ سے رہ گئیں، اور ان نئے سفر کا آغاز کرسکوں جنہیں میں نے طویل عرصے سے مؤخر کر رکھا تھا۔ ‘‘پرتیم نے مزید کہا:’’مین اسٹریم موسیقی ایک شاندار سفر رہا ہے، لیکن میں ہمیشہ ان راستوں کے بارے میں زیادہ متجسس رہا ہوں جو ابھی تک دریافت نہیں کئے گئے۔ آپ سب کی محبت اور حمایت کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: کرن جوہر ’’راکھ‘‘ سے متاثر، علی فضل کی اداکاری کو ’’غیر معمولی‘‘ قرار دیا
پرتیم کی اس پوسٹ پر مداحوں نے مختلف ردِ عمل کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا:’’سب لوگ ریٹائرمنٹ کیوں لے رہے ہیں ؟ آج ہی امال ملک کے بارے میں سنا تھا، اب پرتیم بھی؟‘‘دوسرے صارف نے تبصرہ کیا:’’براہِ کرم یہ نہ کہیں کہ پرتیم دا ریٹائر ہو رہے ہیں، اس کی وضاحت کریں۔ ‘‘ایک اور مداح نے لکھا:’’کیا پرتیم نے بالی ووڈ کی مین اسٹریم موسیقی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے؟ ان کی تازہ پوسٹ کے کیپشن سے تو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔ ‘‘ اگر واقعی پرتیم مین اسٹریم موسیقی سے دور ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ مداحوں کیلئے بڑا دھچکا ہوگا، خصوصاً اس پس منظر میں کہ حال ہی میں گلوکار اریجیت سنگھ کی ریٹائرمنٹ کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ کام کے محاذ پر پرتیم کی آخری فلم ’’بھوت بنگلہ‘‘ تھی، جبکہ ان کے آنے والے منصوبوں میں ’’کاک ٹیل۲‘‘، ’’حیوان‘‘، ’’ناگ زیلا‘‘ اور’’گول مال۵‘‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔