ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ مدت پوری کرنے کا اعلان،۲۰۲۸ء کے صدارتی انتخابات سےمتعلق جواب دینے سے انکار۔
EPAPER
Updated: November 07, 2026, 3:47 PM IST | Agency | Washington
ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ مدت پوری کرنے کا اعلان،۲۰۲۸ء کے صدارتی انتخابات سےمتعلق جواب دینے سے انکار۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹرمپ انتظامیہ چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ہمیشہ ہی سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی مدتِ صدارت کے اختتام تک کام کرنے کا منصوبہ رہا ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو کے دوران مارکو روبیو نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ انتظامیہ چھوڑنے سے متعلق خبریں کہاں سے سامنے آ رہی ہیں؟ روبیو نے اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اب ۲۰۲۸ء کے انتخابات کے بارے میں مزید بات نہیں کروں گا۔ واضح رہے کہ بلومبرگ نیوز نے جمعرات کو دعویٰ کیا تھا کہ ریپبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد مارکو روبیو انتظامیہ سے علاحدگی پر غور کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:دھن تیرس پر ماروتی کی ۳۰؍ ہزار کاریں فروخت
رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو نے وہائٹ ہاؤس کے حکام سے عہدہ چھوڑنے پر بات چیت بھی کی تھی لیکن ان سے عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مارکو روبیو امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیر کی ذمے داریاں بھی انجام دے رہے ہیں اور انہیں ۲۰۲۸ء کے صدارتی انتخابات میں ممکنہ ریپبلکن امیدواروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ کے معاون وزیر ڈیلن جانسن نے بھی بلومبرگ کی رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے برطانوی اخبار’ دی انڈیپنڈنٹ‘ کی اس خبر کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مارکو روبیو۲۰۲۸ء کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن نامزدگی کے لئے مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔