• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گادی آئزن کوٹ کے وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار

Updated: November 07, 2026, 3:44 PM IST | Agency | Tel Aviv

اکثریت حاصل، کل ۶۷؍ اراکین پارلیمنٹ نے حمایت کی۔ طویل عرصے سے اقتدار میں رہنے والے نیتن یاہو کیلئے خطرہ۔

Yashar Party leader Gadi Eisenkot is engaged in discussions with leaders of the opposition’s allied parties. Photo: INN
یشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کے لیڈروں سےتبادلۂ خیال میں مصروف۔ تصویر: آئی این این

یشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کواسرائیل کا اگلا وزیر اعظم بننے کے لئے کنیسٹ کے اکثریتی اراکین کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جماعتوں سے ملاقاتوں کے بعد اسرائیلی صدر ہرزوگ کا کہنا ہے کہ کُل۶۷؍ اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل دھڑوں کے نمائندوں نے آئزن کوٹ کی حمایت کی جبکہ۴۶؍ اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل دھڑوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو کی سفارش کی۔

اسرائیلی صدر کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کو حکومت بنانے کا مینڈیٹ سونپنے سے پہلے صورتحال کو واضح کرنے کے لئے پارٹی لیڈروں سے مزید بات چیت کریں گے۔روایتی طور پر اسرائیلی صدر اس  لیڈر کو حکومت بنانے کی دعوت دیتے ہیں جسے پارلیمنٹ کے زیادہ اراکین کی حمایت حاصل ہو لیکن ہرزوگ نے کہا ہے کہ ان کے لئے صرف سفارشات کی تعداد فیصلہ کن نہیں ہوگی بلکہ وہ یہ بھی دیکھیں گے کہ کون سا لیڈر عملی طور پر حکومت بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بظاہر مشاورت کے نتائج واضح دکھائی دیتے ہیں لیکن سیاسی جماعتوں اور مختلف اتحاد کے درمیان ایک دوسرے کو مسترد کرنے کے رویے کے باعث حکومت سازی کی حقیقی صورتحال ابھی پوری طرح واضح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بعض جماعت کے لیڈروں سے براہِ راست ملاقاتیں کرکے جلد فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔گادی آئزن کوٹ کی جماعت یشار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور سبکدوش ہونے والے وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’بگ بازار‘ کے کشور بیانی کے خلاف ۹۰۴؍ کروڑ کے مبینہ بینک فراڈ کا سی بی آئی کیس

جماعت نے تمام شہریوں کے لئے کام کرنے والی قومی ہنگامی حکومت فوری طور پر قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات مزید کم ہو گئے، ان کی اتحادی مذہبی جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نے وزیر اعظم کے عہدے کے لئے کسی بھی امیدوار کی حمایت سے انکار کر دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ۷؍ نشستوں پر مشتمل جماعت کے دونوں گروپوں نے صدر سے مشاورت کے دوران کسی امیدوار کی سفارش نہیں کی۔جماعت کے مذہبی رہنماؤں نے بھی کسی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

عرب جماعتوں کا اعلان

اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں عرب اکثریتی ۲؍ سیاسی اتحادوں نے مجموعی طور پر۱۹؍نشستیں حاصل کی ہیں جو ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ان نشستوں کے  سبب عرب جماعتیں نئی حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہیں۔ دونوں عرب جماعتوں نے جمعرات کو گادی آئزن کوٹ کی حمایت کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK