• Thu, 11 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میوچوئل فنڈ میں سرمایہ کاری میں ۲۲؍ فیصد کی کمی

Updated: September 11, 2025, 10:11 AM IST | Agency | Mumbai

جولائی میں ۸۱؍ فیصد کے غیر معمولی اضافہ کے ساتھ  ۴۲؍ ہزار ۶۷۲؍ کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی تھی جو اگست میں گھٹ کر ۳۳؍ ہزار ۴۱۷؍ کروڑ ہوگئی۔

SIP has become an important means of investing in mutual funds for the common man. Photo: INN
’ایس آئی پی‘ عام آدمی کیلئے میوچوئل فنڈ میں سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ بن گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

میوچوئل فنڈ میں  جولائی میں  سرمایہ کاری کے رجحان میں غیر معمولی اضافہ کے بعد اگست میں اس میں ۲۲؍ فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسوسی ایشن آف میوچل فنڈس  اِن  انڈیا کی جانب سے ۱۰؍ ستمبر کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اگست۲۰۲۵ء میں ایکویٹی میوچل فنڈس میں کل   ۳۳؍ ہزار ۴۱۷؍کروڑ رہا کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ  جولائی میں یہ  ۴۲؍ ہزار ۶۷۲؍کروڑ تھا۔
لگاتار ۵۴؍ ویں مہینے سرمائے کا مثبت بہاؤ
  جولائی میں ایکویٹی میوچل فنڈس نے شاندار۸۱؍ فیصد اضافہ درج کیا تھا جو ۴۲؍ ہزار ۶۷۲؍کروڑ  تھا۔اس سے قبل  جون  میں یہ  ۲۳؍ ہزار ۵۸۷؍ کروڑ تھا۔ اس کمی کے باوجود اگست ۲۰۲۵ءمسلسل۵۴؍واں ایسا مہینہ تھا جب ایکویٹی  فنڈس میں  سرمایہ کامثبت بہاؤ دیکھنے کو ملا۔  میوچوئل فنڈ انڈسٹری کے کل اثاثے(اے یو ایم)  معمولی کمی کے ساتھ۷۵ء۱۸؍ لاکھ کروڑ پر پہنچ گئے ہیں جو  جولائی میں۷۵ء۳۵؍ لاکھ کروڑ اور جون میں۷۴ء۴۱؍لاکھ کروڑ روپے تھے۔
 میوچوئل فنڈ کے ذیلی زمروں کی کارکردگی
  ۱۱؍ ذیلی زمروں میں سے’فلیکسی کیپ فنڈس‘   نے اگست میں  سرمایہ کی سب سے زیادہ آمد درج کی گئی  جو ۷؍ ہزار ۶۷۹ء۴۰؍ کروڑ رہی۔  یہ پچھلے مہینے یعنی جولائی  کے۷؍ ہزار ۶۵۴؍کروڑ سے کچھ بہتر تھا۔فیصد کے لحاظ سے ’’لارج کیپ فنڈس‘‘ نے۳۳؍فیصد کا شاندار اضافہ دکھایا اور اگست میں۲؍ ہزار ۸۳۵؍ کروڑ  کا سرمایہ حاصل کیا۔ یہ جولائی کے۲؍ ہزار ۱۲۵؍ کروڑ کے مقابلے میں بہتر تھا۔اسی طرح’’مڈ کیپ فنڈس‘‘ میں بھی اضافہ ہوا۔ اگست میں اس  نے ۵؍ ہزار ۳۳۰؍ کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کی جو  جولائی ۲۰۲۵ء  میں۵؍ ہزار ۱۸۲؍ کروڑ تھی۔
 ذیلی زمروں  میں سرمایہ کی فراہمی میں کمی
 البتہ فلیکسی کیپ، لارج کیپ اور مڈ کیپ فنڈس کو چھوڑ کر باقی تمام ذیلی زمروں میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں سرمایہ کی فراہمی میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ اسمال کیپ فنڈس میں ان فلو۲۳؍ فیصد گھٹ کر اگست میں۴؍ہزار ۹۹۳؍ کروڑ رہ گیا جو جولائی میں۶؍ہزار ۴۸۴؍ کروڑ تھا۔
ڈیٹ میوچوئل فنڈ سے سرمایہ کا انخلاء زیادہ
  ڈیٹ میوچوئل فنڈ کا جائزہ لیں تو اگست میں  اس سے ۷؍ہزار ۹۷۹؍ کروڑ کے سرمائے کا انخلاء ریکارڈکیا گیا جبکہ جولائی میں اس زمرے میں۱ء۰۶؍ لاکھ کروڑ کے سرمایہ کی آمد ہوئی تھی۔ ۱۶؍ ذیلی زمروں میں سے زیادہ تر  سے سرمائے کا انخلاء ریکارڈ ہوا ہے  سوائےاووَر نائٹ فنڈس، الٹرا شاٹ ڈیوریشن  (انتہائی قلیل مدتی) فنڈس،   قلیل مدتی  (لوڈیوریشن )فنڈس،  منی مارکیٹ فنڈ، 
شارٹ ڈیوریشن فنڈس،  میڈیم ڈیوریشن فنڈس اور ۱۰؍ سال کی میعاد والے گِلٹ  فنڈ کے جن میں  سرمایہ کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ 
ماہرین کی رائے
 مورننگ اسٹار انویسٹ منٹ ریسرچ انڈیا  کے اسوسی ایٹ ڈائریکٹر اور  ریسرچ منیجر ہمانشُو سریواستو  کے مطابق ’’اگست میں سرمایہ کے بہاؤ  کی مضبوطی بڑی حد تک سسٹیمیٹک انویسٹ منٹ پلانس(ایس آئی پی) کی بدولت رہی جس میں ہر ماہ موثر سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ خاص طور  سے ریٹیل انو سٹرس نے عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود اپنی سرمایہ کاری برقرار رکھی ہے۔ ‘‘
 انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان  کے  اقتصادی حالات  امیدوں میں اضافہ، جی ایس ٹی اصلاحات اور کارپوریٹ آمدنی میں بہتری کی توقعات نے بھی گھریلو سطح پر سرمایہ کاری کے بہاؤ کو سہارا دیا  ہے۔  انہوں نے مزید نشاندہی کی ہے کہ مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ اور وقفے وقفے سے آنے والی اصلاحات  نے سرمایہ کاروں کو نئے مواقع فراہم  کئے ہیں   جس سے اگست میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK