کانگریس کی سابق سربراہ نے کہا کہ’’میرے خاندان کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا، لیکن شاذ و نادر ہی اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی گئی کہ وہ لوگ حقیقتاً کیسے تھے؟‘‘
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 11:22 AM IST | Agency | New Delhi
کانگریس کی سابق سربراہ نے کہا کہ’’میرے خاندان کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا، لیکن شاذ و نادر ہی اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی گئی کہ وہ لوگ حقیقتاً کیسے تھے؟‘‘
کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے اپنی آنے والی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کو سیاسی بیان یا سیاسی دستاویز کے بجائے اپنی خاندانی زندگی، رشتوں، جدوجہد اور ذاتی تجربات کی کہانی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس کتاب کے ذریعے اپنے خاندان کی ایک ایسی تصویر پیش کرنا چاہتی ہیں جو ان کے حقیقی کردار، احساسات اور انسانی پہلوؤں کو سامنے لائے۔سونیا گاندھی نے ’ایکس‘ پر اپنی پہلی ذاتی پوسٹ شیئر کی۔ اس میں انہوں نے اپنے آنجہانی شوہر اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی یادیں بھی بیان کیں اور انہیں ایک انتہائی دلکش شخصیت اور نرم مزاج انسان قرار دیا۔
اپنی پوسٹ میں سونیا گاندھی نے لکھا کہ یہ سیاسی کتاب نہیں بلکہ ذاتی نوعیت کی تحریر ہے۔ ان کے خاندان کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا ہے، لیکن شاذ و نادر ہی اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی گئی کہ وہ لوگ حقیقت میں کیسے تھے، ان کے محرکات، جدوجہد اور انسانی کمزوریاں کیا تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ہم دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ اورعید کو ’خوشیوں کی ہولی‘ کہیں گے‘‘
وہ اپنے خاندان کے افراد کو ان لوگوں کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں جنہیں انہوں نے قریب سے جانا اور محبت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طویل عرصے تک انہوں نے اپنی نجی زندگی کو محدود رکھا، لیکن عوامی زندگی کی مصروفیات سے دور ہونے کے بعد انہیں اپنی زندگی کے سفر کو واضح طور پر دیکھنے اور بیان کرنے کا موقع ملا۔
اس سے قبل جمعرات کو سونیا گاندھی نے انسٹاگرام پر بھی اپنا اکاؤنٹ شروع کیا تھا۔ وہاں انہوں نے اپنی کتاب کو محبت، فرض، جدائی اور اپنائیت کی تلاش کی کہانی قرار دیا تھا۔۵۴۴؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب کا عالمی اجراء۱۰؍ نومبر کو ہوگا۔ ہندوستان میں اسے ’ہارپر کولنز انڈیا‘ شائع کرے گا۔کتاب کی اشاعت سے قبل سونیا گاندھی نے اخبار ’دی ہندو‘ کو ایک انٹرویو بھی دیا تھا، جس میں انہوں نے مودی حکومت پر ملک کے جمہوری اداروں کو نقصان پہنچانے، مین اسٹریم میڈیا کو کنٹرول کرنے اور سیاسی فائدے کیلئے مذہب کے استعمال کے الزامات عائد کیے تھے۔
خیال رہے کہ اب تک سونیا گاندھی ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے زیادہ سرگرم نہیں رہی ہیں اور ان کے بیانات عموماً کانگریس کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے سامنے آتے رہے ہیں۔