Inquilab Logo

’’میرا نام اروند کیجریوال ہے، میں دہشت گرد نہیں ہوں‘‘

Updated: April 17, 2024, 8:47 AM IST | Agency | New Delhi

دہلی کے وزیر اعلیٰ کا جذباتی پیغام، دعویٰ کیا کہ جیل میں میرےساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔

Arvind Kejriwal. Photo: INN
اروند کیجریوال۔ تصویر : آئی این این

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے جیل سے عوام کو پیغام بھیجا ہے کہ ’’میرا نام اروند کیجریوال ہے، میں دہشت گرد نہیں ہوں۔‘‘ سنجے سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت اروند کیجریوال کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کررہی ہے۔ وزیر اعظم اپنی بدنیتی میں اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ ان (کیجریوال) کے خاندان اور بچوں سے ملاقات شیشے کی دیوار سے کرائی جا رہی ہے۔ آپ لیڈر سنجے سنگھ نے  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کو زیڈ پلس سیکوریٹی حاصل ہے مگر جب وہ کیجریوال سے ملے تو ان کے درمیان شیشے کی دیوار تھی۔بی جے پی نے اس کارروائی سے واضح کر دیا ہے کہ اسے کیجریوال سے نفرت ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہجومی تشدد پر سپریم کورٹ کا ایک بارپھر سخت موقف

آپ لیڈر نے کہا کہ اروند کیجریوال کو ۲۴؍ گھنٹے سی سی ٹی وی کی نگرانی میں رکھا جا رہا ہے، ان پر تشدد کا منصوبہ بھی ہے، ان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور خاندان کی تذلیل کی جا رہی ہے۔  سنجے سنگھ کے مطابق اروند کیجریوال مختلف مٹی سے بنے ہیں۔ توڑنے کی کوششوں میں وہ مزید مضبوط ہوں گے۔ یاد رہے کہ بھگونت مان اور وزیر اعلیٰ کیجریوال نے ۱۵؍ اپریل کو تہاڑ جیل میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے بھی کہا تھا کہ اروند کیجریوال کے ساتھ جیل میں سخت گیر مجرم جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے اروند کیجریوال کو دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں ۲۱؍ مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ای ڈی کی تحویل میں اور پھر عدالتی تحویل میں بھیج دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK