Inquilab Logo

میانمار فوج کا طیارہ میزورم ایئرپورٹ پر گر کر تباہ، ۸؍ زخمی

Updated: January 23, 2024, 5:42 PM IST | New Delhi

میانمار کا ایک فوجی طیارہ منگل کو ایزول کے مضافات میں لینگپوئی ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ۸؍ افراد زخمی ہو گئے۔ طیارے میں ۱۴؍ افراد سوار تھے۔ یہ طیارہ میانمار کے ان فوجیوں کو واپس لینے کیلئے یہاں پہنچا تھا جو فوج اور باغیوں کے درمیان جاری شدید تصادم کی وجہ سے بھاگ کر ہندوستان کے سرحدی علاقے میں داخل ہو گئے تھے۔

Destroyed plane of Myanmar army. Photo: PTI
میانمار فوج کا تباہ شدہ طیارہ ۔ تصویر: پی ٹی آئی

میانمار کا ایک فوجی طیارہ منگل کو ایزول کے مضافات میں لینگپوئی ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ۸؍ افراد زخمی ہو گئے۔ یہ طیارہ میانمار کے ان فوجیوں کو واپس لینے کیلئے یہاں پہنچا تھا جو فوج اور باغیوں کے درمیان جاری شدید تصادم کی وجہ سے بھاگ کر ہندوستان کے سرحدی علاقے میں داخل ہو گئے تھے۔ حکام نے بتایا کہ طیارے میں پائلٹ سمیت ۱۴؍ افراد سوار تھے اور ان میں سے آٹھ زخمی ہوئے، یہ حادثہ صبح تقریباً ۱۰؍بجکر ۲۰؍منٹ پر بجے پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق یہ طیارہ لینڈنگ کے دوران ہوائی اڈے کے ٹیبل ٹاپ رن وے سے ٹکرا گیا اور گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ زخمی افراد کو علاج کیلئے لینگپوئی پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ تمام آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ آنے والی اور جانے والی پروازوں کی خدمات کب دوبارہ شروع ہوں گی، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہے۔ اہلکار نے بتایا کہ حادثے کے بعد ہوائی اڈے کو فوری طور پر بند کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے پیر کو میانمار کے ۱۸۴؍ فوجیوں کو وطن واپس بھیج دیا جو پچھلے ہفتے ایک باغی گروپ کے ساتھ لڑائی کے دوران بھاگ کر میزورم آگئے تھے۔بقیہ ۹۲؍ فوجیوں کو منگل کو وطن واپس بھیجنا تھا۔ آسام رائفلز کے ایک اہلکار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کل ۲۷۶؍ میانمار فوجی گزشتہ ہفتے شمال مشرقی ریاست میں داخل ہوئے تھے۔

ان فوجیوں کو آسام رائفل کے کیمپ پروا  میں لے جایا گیا اور بعد میں ان میں سے زیادہ ترکو لنگلیئی منتقل کردیا گیا۔ تب سے وہ آسام رائفل کے زیر نگرانی ہیں۔ ان ۲۷۶؍فوجیوں کو سنیچر اور اتوار کو لینگپوئی ہوائی اڈہ سے وطن واپسی کیلئے ایزول لایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایک کرنل کی سربراہی میں اس گروہ میں۳۶؍ افسران اور ۲۴۰؍نچلے درجے کے اہلکار شامل ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ کچھ مہینوں میں ان ۲۷۶؍ فوجیوں کو ملا کر جو گزشتہ ہفتے داخل ہوئے تھے کل ۶۳۵؍فوجی ان کے کیمپ پر مسلح نسلی تنظیموں اور جمہوریت نوازوں کے ذریعے قبضہ کے بعد میزورم فرار ہو چکے ہیں۔نومبر میں میانمار کی فوج کے ۱۰۴؍ اہلکاروں کو انڈین ایئر فورس (آئی اے ائف)  کے ذریعےمختلف علاقوں سے منی پور کے سرحدی شہر مورہ میں وطن واپسی کیلئے بھیجا گیا تھا۔اس مہینے کے اوائل میں ۲۵۵؍فوجیوں کو  میانمار ائیر فورس  کے طیارہ کے ذریعے براہ لینگپوئی وطن واپس بھیجا گیا۔واضح رہے کہ میزورم کی سرحد کا ۵۱۰؍ کلو میٹر کا حصہ میانمار سے ملحق ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK