ناگپور کی خصوصی عدالت نے صحافی ریجاز ایم صدیق کو یو اے پی اے کی دفعات ۳۸؍ اور ۳۹؍ سے بری کر دیا ہے، تاہم بی این ایس کی دفعات ۱۵۲؍ اور ۳۵۳؍(۱) کے تحت فردِ جرم عائد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت ۴ دسمبر ۲۰۲۶ء کو مقرر کی ہے۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 8:02 PM IST | Nagpur
ناگپور کی خصوصی عدالت نے صحافی ریجاز ایم صدیق کو یو اے پی اے کی دفعات ۳۸؍ اور ۳۹؍ سے بری کر دیا ہے، تاہم بی این ایس کی دفعات ۱۵۲؍ اور ۳۵۳؍(۱) کے تحت فردِ جرم عائد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت ۴ دسمبر ۲۰۲۶ء کو مقرر کی ہے۔
ناگپور کی ایک خصوصی عدالت نے آزاد صحافی ریجاز ایم صدیق جن کی شناخت ایم شیبا صدیق کے طور پر بھی کی گئی ہے، کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) ۱۹۶۷ء کی دفعات ۳۸؍ اور ۳۹؍ کے تحت عائد الزامات سے بری (ڈسچارج) کر دیا ہے۔ ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو جاری کردہ ایک حکم نامے میں ناگپور کے ڈسٹرکٹ جج ۶؍ اور ایڈیشنل سیشن جج نے ملزم کی جانب سے ایگزیبٹ ۱۴؍ کے تحت دائر کی گئی درخواست کو جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے انہیں یو اے پی اے کے ان دونوں جرائم سے بری کر دیا۔ تاہم، عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ملزم کے خلاف بی این ایس ۲۰۲۳ء کی دفعات ۱۵۲؍ اور ۳۵۳؍ (۱) کے تحت فردِ جرم عائد کیا جائے۔ یہ حکم ریاستِ مہاراشٹر کی جانب سے دائر کردہ مقدمے (اسپیشل کیس نمبر ATS/0000001/2025) میں سنایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ۱۳؍اہم راستوں پر پابندی کیخلاف ای رکشا ڈرائیوروں کا احتجاج
عدالتی کارروائی کے دوران پبلک پراسیکیوٹر ڈی ایس گنگانے اور ملزم کے وکیل موجود تھے، جبکہ ملزم کو جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کی جانب سے ایگزیبٹ ۳؍ کے تحت دائر درخواستِ ضمانت پر سماعت اور فردِ جرم عائد کرنے کیلئے مقدمے کو مقرر کر دیا ہے، جس کی آئندہ سماعت ۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو ہوگی۔