سیتابرڈی روڈ پربیچ سڑک پر ای رکشے کھڑے کرکے ڈرائیوروں نےراستہ روکااور انتظامیہ کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 3:05 PM IST | Ali Imran | Nagpur
سیتابرڈی روڈ پربیچ سڑک پر ای رکشے کھڑے کرکے ڈرائیوروں نےراستہ روکااور انتظامیہ کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی۔
شہر کے ۱۳؍اہم راستوں کو ای رکشا کے لئے ممنوع قرار دینے کے ٹریفک پولیس کے اقدام کے خلاف زبردست ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ ان راستوں پر ٹریفک پولیس کے ذریعے ای رکشا پر کی جانے والی کارروائی کے خلاف جمعرات کو سیتابرڈی میں ای رکشا ڈرائیوروں نے احتجاج کیا۔
حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق بدھ کو مظاہرین نے سیتابرڈی سے مہاراج باغ کو جوڑنے والی سڑک پر راستہ روک کر انتظامیہ کے خلاف ناراضگی ظاہر کی اور پابندیاں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ بتادیں کہ احتجاج کی ایک وجہ ایچ بی ٹاؤن میں ای رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف جاری کیے گئے چالان بھی تھے۔
ای رکشا ڈرائیوروں نے الزام عائد کیا کہ ٹریفک پولیس انہیں غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنا رہی ہے اور پابندی والے راستوں پر رکشا چلانے پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کامٹی اور ہنگنا کی جانب جانے والے راستوں پر عائد پابندیوں پر بھی اعتراض کیا۔یہ احتجاج ودربھ راجیہ آندولن سمیتی کی ای رکشا ڈرائیورس اینڈ اونرس اسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس کی قیادت یوتھ ونگ کے ریاستی صدر مکیش مسورکر نے کی۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۶؍سال پرانے کیس میں بی جے پی ایم ایل اے مہیش بالدی کو۳؍ سال قید کی سزا
اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے باعث ہزاروں ای رکشا ڈرائیوروں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ مسافروں تک رسائی محدود ہونے سے ان کی روزانہ کی آمدنی میں کمی آ رہی ہے اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پابندیاں ختم کی جائیں اور متعلقہ راستوں پر ای رکشا چلانے کی اجازت دی جائے۔
ٹریفک پولیس نے کیا کہا؟
۱۳؍راستوں کو ای رکشا کیلئے ممنوع قراردینے کے متعلق ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور حادثات کے خطرات کو گھٹانے کے لئے یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ تاہم ای آٹو رکشا ڈرائیوروں کا مطالبہ ہے کہ ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ ان کے روزگار کے تحفظ کو بھی ملحوظ رکھا جائے۔