Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور پولیس کمشنر کی آر ایس ایس کی تقریب میں حاضری

Updated: June 26, 2026, 11:52 AM IST | Ali Imran | Nagpur

وشواس نانگرے پاٹل نے زعفرانی تنظیم کی تعریفوں کے پل بھی باندھے، کانگریس کی جانب سے سخت تنقید۔

Vishwas Nangre Patil. Photo: INN
وشواس نانگرے پاٹل۔ تصویر: آئی این این

ناگپور کے نئے پولیس کمشنر وشواس نانگرے پاٹل  نےآر ایس ایس کی ایک تقریب میں نہ صرف شرکت کی بلکہ زعفرانی تنظیم کی تعریف بھی کی جس کی بنا پر کانگریس نے ان پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ آئین اور خاکی وردی کے حلف کو بھول کر آر ایس ایس کی چاپلوسی کررہے ہیں۔

  وشواس نانگرے پاٹل نے کیا کہا؟

حال ہی میں ناگپور شہر پولیس کمشنر کا عہدہ سنبھالنے والے وشواس نانگرے پاٹل نے آر ایس ایس کے ایک پروگرام میں شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’یہ رضاکاروں کی ایک تنظیم ہے جو زندگی میں نظم و ضبط رکھتے ہیں۔ ۱۹۲۵ میں، دوراندیش محب وطن ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار نے اس راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی بنیاد رکھی تھی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: باڑمیر: مساجد کی حمایت میں برادران وطن سڑکوں پر

کانگریس کا غصہ 

نانگرے پاٹل کی تقریر کے بعد کانگریس نے ایکس (ٹویٹر) پر اپنے آفیشیل اکاؤنٹ پر لکھا’’ راگ درباری گانے، سنگھ کی دہلیز پر آئے! ایک طرف، آئین کا حلف لے کر عوامی تحفظ کی ذمہ داری لے رہے ہیں، اور دوسری طرف، وہ کھلے عام آر ایس ایس کی تعریف کر رہے ہیں، جو کھلے عام معاشرے میں نفرت پھیلا رہی ہے۔یہ کس قسم کا ایماندار آئی پی ایس افسر ہے؟ ‘‘ کانگریس نے آگے لکھا ہے ’’سرکاری ملازمت میں رہتے ہوئے، کسی خاص نظریہ اور نفرت پھیلانے والی تنظیم کی چاپلوسی کرنا جمہوریت اور آئین کی توہین ہے۔اب ان صاحب کا ناگپور تبادلہ کر دیا گیا ہے، اچھا ہوا، اب براہ راست اُن کے قدموں میں جاکر خدمت کرنے کا موقع انہیں مل گیا۔‘‘ کانگریس نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا، ’’آپ عوام کی جیب سے بھاری تنخواہیں اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کا حلف لینے والے سرکاری نوکر ہیں، ملک غدار آر ایس ایس کے رضاکار نہیں۔ وردی کا غلط استعمال کرکے سیاسی اور فرقہ وارانہ ایجنڈے پر چلوگے، تو ناگپور اور مہاراشٹر کے آئین پسند لوگ اسے برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ واضح رہے کہ ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا ہیڈکوارٹر ہے، اسلئے یہاں تعینات ہونے والا پولیس کمشنر سیاسی و سماجی حلقوں میں ہمیشہ توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔ تاہم ایک سیکولر ریاست کے حلف بردار اعلیٰ پولیس افسر کی آر ایس ایس کی تقریب میں شرکت اور سنگھ کی تعریف سے جہاں کانگریس اور بی جے پی درمیان ایک نئی سیاسی بحث شروع ہوگی وہیں عام تجزیہ نگار اس طرح کے واقعات کو جمہوریت اور سیکولرازم کے لئے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK