Inquilab Logo

نالاسوپارہ:۳؍ بچوں کے قتل کے بعد باپ کی خودکشی

Updated: June 30, 2020, 7:01 AM IST | Kazim Shaikh | Nalasopara

 یہاں پر ایک خاتون اپنے شوہر اور ۳؍بچوں کو چھوڑ کر کسی دوسرے شخص کے ساتھ چلی گئی تو شوہر کو اس قدر صدمہ پہنچا کہ اس نے دل برداشتہ ہوکر پہلے اپنے ۳؍ بچوں کا گلا کاٹ دیا اور بعد میں چاقو مارکر خودکشی کر لی ۔

Suicide - Pic : INN
خودکشی ۔ تصویر : آئی این این

 یہاں پر ایک خاتون اپنے شوہر اور ۳؍بچوں کو چھوڑ کر کسی دوسرے شخص کے ساتھ چلی گئی تو  شوہر کو اس  قدر صدمہ پہنچا کہ  اس نے  دل برداشتہ ہوکر پہلے اپنے ۳؍ بچوں کا گلا کاٹ دیا اور بعد میں چاقو مارکر خودکشی کر لی ۔ پولیس نے شوہر کےخلاف قتل اور خودکشی کا معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس نے گھر سے چاروں کی لاش نکال کر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔
 پال گھر ضلع کے ایس پی دتاترے شندے نے  جائے وقوعہ پر نمائندہ کو بتایا کہ نالاسوپارہ کے مشرقی علاقے میں واقع بابل پاڑہ میں کیلاش وجو پرمار (۳۵) اپنی بیوی اور ۳؍ بچوں کے ساتھ کرایے کے مکان میں رہتا تھا جبکہ اس کے والدین بھی اس  کے قریب ہی  دوسرے مکان میں  رہتے ہیں ۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ کیلاش کی بیوی لاک ڈاؤن کے دوران تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر کسی  دوسرے شخص کے ساتھ کہیں چلی گئی ۔ اس کے بعد وہ کافی پریشان تھا ۔ چند روز پہلے اس نے فیس بک پر  اپنی بیوی کی ایک شخص  کے ساتھ تصویر دیکھی تو وہ دہنی تناؤ میںآگیا  اور کافی پریشان رہنے لگا ۔ 
 دتاترے شند ے کا کہنا ہے کہ چند روز سے کیلاش اپنے بچوں سمیت والد کے گھر کھانا وغیرہ کھاتا تھا ۔ سنیچر کو بھی وہ رات میں تقریباً ۹؍بجے کھانا کھاکر اپنے مکان میں بچوں کے ساتھ  واپس چلاآیا اور والد سے بول کر آیا تھا کہ وہ رات میں ایک بار چائے پینے کیلئے گھر پر آئے گا ۔
 پولیس کے مطابق رات میں جب کیلاش چائے پینے کیلئے اپنے والد کے گھر نہیں گیا تو اس کے والد وجو پرمار گھر پر نہ آنے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے  اس کے گھرگئے  ۔  جب وہ اپنے  بیٹے کے گھر پہنچے تو دروازہ اندر سے بند تھا۔ کئی مرتبہ آواز دینےکے بعد بھی جواب نہیں ملا تو گھر کا دروازہ توڑا گیا ۔ 
 مکان کے اندر کیلاش کی لاش کے علاوہ اس کے ۱۲؍سالہ بیٹے نین پرمار ، نندی پرمار (۷) اور ۳؍ سالہ نینا کی لاش خون میںلت پت پڑی تھی ۔ گھر میں پنکھے سے ایک ساڑی لٹک رہی تھی جس  سے کیلاش نے پہلے پھانسی لگانے کی کوشش کی تھی لیکن جب اس میں ناکام ہوگیا تو اس نے اسی چھری سے اپنا بھی گلا کاٹ دیا ۔ 
 ایسا کہا جارہا ہے کہ کیلاش نے اپنے بچوں کو قتل کرنے سے پہلے شاید کوئی نشیلی دوا پلائی تھی جس کی وجہ سے گھر سے باہر کسی کے بھی چلانے کی آواز وغیرہ نہیں آئی اور پڑوسیوں کو بھی کوئی علم نہیں ہوا ۔ جائے وقوعہ سے کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملاہے۔ پولیس نے کیلاش پرمار کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۰۲؍ اور خودکشی کرنے کا معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیلاش کے موبائل فون سے اس کی بیوی کے نمبر پر رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK