• Sat, 08 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نینسی پیلوسی کا سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Updated: November 08, 2025, 10:57 AM IST | Agency | Washington

کانگریس کی سابق اسپیکر نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ وہ آئندہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گی۔

Nancy Pelosi. Photo: INN
نینسی پیلوسی۔ تصویر: آئی این این
امریکی ایوانِ نمائندگان کانگریس کی سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے سیاسی کریئر کے اختتام کا اعلان کردیا۔ انہوں نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ وہ آئندہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گی۔ ۸۵؍ سالہ نینسی پیلوسی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ، ’’میں چاہتی ہوں کہ سب سے پہلے میرے سان فرانسسکو کے عوام یہ خبر سنیں، میں آئندہ کانگریس کے انتخابات میں حصہ نہیں لوں گی، شکرگزار دل کے ساتھ میں اپنے آخری سال کو آپ کی نمائندہ کے طور پر دیکھ رہی ہوں۔‘‘ 
واضح رہے کہ پیلوسی اس وقت کانگریس کی اپنی۱۹؍ویں مدت مکمل کر رہی ہیں جو۳؍ جنوری ۲۰۲۷ءکو ختم ہوگی۔ 
نینسی پیلوسی نے۲۰۰۷ء میں امریکہ میں تاریخ رقم کی جب وہ ایوانِ نمائندگان کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہوئیں، ان کی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کئی اہم قانون کو کامیابی سے منظور کرایا۔ 
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پیلوسی کو امریکی سیاست میں ایک انتہائی ذہین اور مؤثر  لیڈر کے طور پر جانا جاتا ہے، انہوں نے سابق صدر بارک اوبامہ کے دور میں تاریخی ہیلتھ کیئر ریفارم بل کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں انفرا اسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم قوانین کو ایوان سے منظور کرایا۔ 
اگرچہ انہیں ان کی سیاسی بصیرت اور مضبوط قیادت کے باعث سراہا گیا لیکن ریپبلکن پارٹی کے  لیڈروں نے اکثر انہیں امیر اور عوام سے دور ایلیٹ کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
نینسی پیلوسی کا ریٹائرمنٹ امریکی سیاست کے ایک اہم اور تاریخی باب کے اختتام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK