Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ : بکروں کی قیمتوں میں۳۰؍ فیصد تک اضافے کے باوجودخریداری میں نمایاں تیزی

Updated: May 25, 2026, 11:29 AM IST | Z A Khan | Nanded

اردھاپور کی مشہور مویشی منڈی میں خریداروں کا زبردست ہجوم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ۱۴؍ سے۵۰؍ہزار روپے تک کے بکرے دستیاب ہیں۔

Bakramandi.Photo:INN
بکرا منڈی۔ تصویر:آئی این این
 قربانی کے جانوروں کی خریداری میں نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ ناندیڑ شہر سمیت دیہی علاقوں کی ہفتہ واری مویشی منڈیوں میں ان دنوں غیرمعمولی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے، جہاں قربانی کیلئے بکروں کی خرید و فروخت زور و شور سے جاری ہے۔خصوصاً پر اردھاپور کی مشہور مویشی منڈی میں خریداروں کا زبردست ہجوم دیکھنے کو مل رہا ہے۔
 
 
تاجروں اور کسانوں کے مطابق اس بار بکروں کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث قیمتیں بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے کافی بڑھ گئی ہیں۔ منڈی میں۱۴؍ ہزار روپے سے لے کر۵۰؍ ہز ار روپے تک کے بکرے دستیاب ہیں، جبکہ ان کی قیمت کا تعین وزن، صحت، نسل اور خوبصورتی کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ عام دنوں کے مقابلے عیدالاضحی کے موقع پر بکروں کی قیمتوں میں تقریباً ۲۰؍سے۳۰؍ فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ قربانی کے جانور خریدنے کیلئے منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں۔اس سال بھی ناندیڑ ضلع میں مسلم تنظیموں اور سماجی نمائندوں کی جانب سے اجتماعی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کی وجہ سے گائے، بیل اور بچھڑوں کی قربانی مکمل طور پر نہیں کی جائے گی۔ اسی وجہ سے بکرے، بھینس اور پاڑا کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حکومت نے گائے کی نسل کے جانوروں کی غیرقانونی نقل و حمل اور ذبیحہ کے معاملات میں مکوکا کے تحت کارروائی کا اشارہ دیا ہے، جس کے بعد عوام کسی بھی قسم کے قانونی خطرے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ادھر ناندیڑ شہر کے دیگلور ناکہ، مدینہ نگر میں بھی عارضی بکرا منڈی قائم کی گئی ہے، اِن دنوں شدت کی دھوپ پڑرہی ہے اس باعث رات گئے تک خرید و فروخت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ قریش برادری کے تاجروں اور کسانوں نے بڑی تعداد میں اپنے جانور فروخت کے لیے منڈی میں لائے ہیں۔شہر کی اس عارضی منڈی میں بھی قربانی کے جانوروں کی قیمتیں۱۵؍ ہزار سے۵۰؍ ہزار روپے کے درمیان دیکھی جا رہی ہیں۔ آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK