ناسک اور جلگاؤں ضلع پریشد کے ایک مرد سمیت ۱۵؍ ملازمین لاڈکی بہن اسکیم کا ناجائز فائدہ اٹھاتے پائے گئے، اب ان تمام کے خلاف سرکاری کارروائی کا امکان ہے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2025, 8:04 PM IST | Mumbai
ناسک اور جلگاؤں ضلع پریشد کے ایک مرد سمیت ۱۵؍ ملازمین لاڈکی بہن اسکیم کا ناجائز فائدہ اٹھاتے پائے گئے، اب ان تمام کے خلاف سرکاری کارروائی کا امکان ہے۔
ستمبر۲۰۲۴ء میں شروع کی گئی’’ وزیر اعلیٰ لاڈکی بہن اسکیم ‘‘ کے تحت خاندان کی سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپے سے کم ہونے پر۲۱؍ سے۶۵؍ سال کی خواتین کو ہر ماہ ڈیڑھ ہزار روپے کی مالی امداد دی جاتی ہے۔ اس اسکیم کا فائدہ اٹھانے والی خواتین کسی دوسری اسکیم سے مستفید نہیں ہونی چاہئیں۔ جلگاؤں ضلع پریشد کے سی ای او منال کارنوال نے کہا، ہمیں معلومات موصول ہوئی تھیں کہ لاڈکی بہن اسکیم سے سات افراد، جن میں ایک مرد ملازم بھی شامل ہے، ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ میں نے ان سب کو شو کاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔‘‘ان سات میں سے ایک ملازم نے پہلے ہی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لے لی ہے جبکہ باقی چھ ملازم، بشمول مرد ملازم، اب بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ افسر نے ان سے جواب طلب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سی بی آئی و ایف بی آئی کا امریکیوں سے سائبرجعل سازی کرنے والے گروہ کا پردہ فاش
فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ضلع پریشد ہر فرد کی وصول کردہ رقم کا حساب لگائے گی۔افسر کا کہنا تھا، ’’تفصیلات ملنے کے بعد ہمیں معلوم ہو جائے گا کہ انہوں نے کتنی رقم حاصل کی ہے۔ ان سے پوری رقم واپس لی جائے گی اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔‘‘اسی طرح ناسک میں ضلع پریشد کے آٹھ ملازمین کو اس اسکیم سے ناجائز فائدہ اٹھاتے پایا گیا ہے اور ان سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ناسک ضلع پریشد کے سی ای او اومکار پوار نے کہا، ’’اب تک ہمیں ریاست کی جانب سے آٹھ ملازمین کے اس اسکیم سے مستفید ہونے کی معلومات موصول ہوئی ہیں۔ ہم نے ہر ایک کی تفصیلات طلب کی ہیں اور انہیں نوٹس جاری کر کے فائدہ اٹھانے کی وجہ دریافت کریں گے۔‘‘