• Tue, 08 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب پہلی بار دہلی سے باہر، گجرات کے ایکتا نگر میں انعقاد

Updated: September 08, 2026, 6:03 PM IST | New Delhi

ہندوستانی سنیما کے سب سے باوقار اعزازات میں شمار ہونے والےنیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب اس سال ایک تاریخی تبدیلی کے ساتھ دہلی سے باہر منعقد کی جائے گی۔ ۷۲؍ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب ۲۲؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو گجرات کے ایکتا نگر (سابقہ کیوڑیا) میں منعقد ہوگی۔

National Awards.Photo:INN
نیشنل ایوارڈس۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی سنیما کے سب سے باوقار اعزازات میں شمار ہونے والے  نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب اس سال ایک تاریخی تبدیلی کے ساتھ دہلی سے باہر منعقد کی جائے گی۔ ۷۲؍ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب ۲۲؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو گجرات کے ایکتا نگر (سابقہ کیوڑیا)  میں منعقد ہوگی، جہاں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو ایوارڈ یافتگان کو اعزازات پیش کریں گی۔ یہ ۷۲؍ سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ قومی فلم ایوارڈز کی تقریب دہلی سے باہر منعقد کی جارہی ہے۔ 
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے مطابق یہ فیصلہ قومی فلم ایوارڈز کو ملک کے مختلف حصوں تک لے جانے کے ایک بڑے اقدام کا حصہ ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس تقریب کو قومی دارالحکومت تک محدود رکھنے کے بجائے ملک کے مختلف علاقوں میں منعقد کرنے کی سمت میں یہ ایک اہم قدم ہے۔ اس سال ایکتا نگر میں ہونے والی تقریب ملک بھر سے فلم سازوں، اداکاروں، تکنیکی ماہرین اور دیگر فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی اور  ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘  کے جذبے کی عکاسی کرے گی۔ 
 گجرات کا ایکتا نگر، جو پہلے کیوڑیاکے نام سے جانا جاتا تھا، دنیا کی بلند ترین مورتی  اسٹیچو آف یونیٹی  کا گھر ہے۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے ۵۹۷؍ فٹ بلند ہے اور۲۰۱۸ءمیں اس کا افتتاح کیا گیا تھا۔ قومی فلم ایوارڈز کی تقریب اسی تاریخی مقام کے قریب منعقد ہونے کی وجہ سے اس سال کے پروگرام کو ایک منفرد علامتی اہمیت بھی حاصل ہوگئی ہے۔ اس بار دلچسپ اتفاق یہ بھی ہے کہ  اسٹیچو آف یونیٹی پر بنائی گئی فلم ’’اسٹیچو آف یونیٹی  ایکتا کا پرتیک‘‘ کے لیے ہدایت کار آنند ایل رائے کو نان فیچر فلم کی کیٹیگری میں بہترین ہدایت کاری کا قومی ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس طرح ایوارڈ یافتہ فلم اور تقریب کا مقام ایک دوسرے سے براہِ راست جڑ گئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:ناگپور: فوڈ اینڈ ڈرگس کمشنر تکارام منڈے پر ہندو مخالف ہونے کا الزام

 ۷۲؍ویں قومی فلم ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان رواں سال جولائی میں کیا گیا تھا۔  ’’آرٹیکل ۳۷۰‘‘  کو بہترین فیچر فلم قرار دیا گیا، جبکہ اداکارہ  یامی گوتم  نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ ملیالم سنیما کے معروف اداکار مموٹی اور بالی ووڈ اسٹار  کارتک آرین  کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔ مموٹی کو ’’برامایوگم‘‘ اور کارتک آریان کو ’’چندو چیمپئن‘‘ میں اداکاری کے لیے یہ اعزاز ملا۔  اس کے علاوہ رندیپ ہڈا   کو ’’سواتنتریہ ویر ساورکر‘‘ کے لیے بہترین ڈیبیو ڈائریکٹر کا ایوارڈ ملا  جبکہ  ’’کالکی۲۸۹۸؍ اے ڈی‘‘  کو بہترین مقبول فلم جو مکمل تفریح فراہم کرتی ہے، کے اعزاز سے نوازا گیا۔ نیشنل فلم ایوارڈز کا آغاز۱۹۵۴ء میں ہوا تھا اور دہلی کا وگیان بھون طویل عرصے سے اس تقریب کا اہم مرکز رہا ہے۔ تاہم تاریخی طور پر یہ ایوارڈز کبھی کبھار دارالحکومت سے باہر بھی منعقد ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر ۱۷؍ویں قومی فلم ایوارڈز کی تقریب ۱۹۷۰ء میں مدراس، موجودہ چنئی، میں منعقد ہوئی تھی۔ اس کے بعد کئی دہائیوں تک ایوارڈز کی تقریب بڑی حد تک دہلی ہی میں منعقد ہوتی رہی۔ 

یہ بھی پڑھئے:آشا بھوسلے نے کئی لازوال گیت دیئے ہیں

اس لیے ۲۰۲۶ء میں گجرات کے ایکتا نگر کو تقریب کا میزبان بنانا ایک نمایاں تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔ حکومت نے ابھی تک یہ تفصیل واضح نہیں کی ہے کہ دہلی سے باہر اس مقام کے انتخاب کی مخصوص وجہ کیا ہے یا آیا مستقبل میں قومی فلم ایوارڈز کی تقریبات بھی ملک کے مختلف حصوں میں باری باری منعقد کی جائیں گی۔ 
۲۲؍ستمبر کی تقریب میں صدر دروپدی مرمو کی موجودگی اور ملک بھر سے فلمی شخصیات کی شرکت اسے ہندوستانی سنیما کے لیے ایک یادگار موقع بنا سکتی ہے۔  اس تاریخی تبدیلی کے ذریعے قومی فلم ایوارڈز کو دہلی سے باہر لے جانے کے ساتھ ہندوستانی فلم صنعت کی علاقائی اور ثقافتی تنوع کو بھی نمایاں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK