Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوی ممبئی میونسپل کمشنر کا ایرولی، تربھے اور واشی کے میونسپل اسپتالوں کا دورہ

Updated: May 11, 2026, 2:51 PM IST | Iqbal Ansari | Navi Mumbai

نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے میونسپل اسپتالوں میں شہریوں کو علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے میونسپل کمشنر ڈاکٹر کیلاش شندے نے ایرولی میونسپل اسپتال، تربھے میں ماتا بال اسپتال اور واشی اسپتال کا کیا اور وہاں علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

Navi Mumbai Municipal Corporation building. Photo: INN
نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے میونسپل اسپتالوں میں شہریوں کو علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے میونسپل کمشنر ڈاکٹر کیلاش شندے نے ایرولی میونسپل اسپتال، تربھے میں ماتا بال اسپتال اور واشی اسپتال کا کیا اور وہاں علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اسی کے ساتھ علاج کی سہولتوں میں اضافہ کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے تربھے میں ماتا بال اسپتال اور ایرولی کے راج ماتا جیجاؤ اسپتال کے تمام شعبوں کا دورہ کیا اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بنیادی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل میونسپل کمشنر سنیل پوار، ایڈیشنل سٹی انجینئر اروند شندے، میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راجیش مہاترے، سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر اجے گاڈے، گارڈن ڈپارٹمنٹ کی ڈپٹی کمشنر سمیتا کالے اور دیگر افسران موجود تھے۔ 
ایرولی اسپتال کے مریضوں سے گفتگو
اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ زیادہ سے زیادہ شہری ایرولی راج ماتا جیجاؤ اسپتال میں صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں، میونسپل کمشنر نے ہدایت دی کہ وہاں کے شہریوں کو ضروری صحت کی سہولیات جیسے ای این ٹی، آرتھو، ڈینٹل فراہم کرنے کیلئے کارروائی کی جائے اور آنے والے وقت میں بانجھ پن کے علاج، معدے کے علاج جیسی سہولیات فراہم کرنےکیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر کمشنر نے مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے تاثرات بھی معلوم کئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبرا کےمصعب سید کی شاندارسنچری

یہ محسوس کرنے کے بعد کہ ایرولی اسپتال کے سونوگرافی شعبہ میں خواتین کو کافی دیر تک انتظار کرنا پڑتا ہے کیونکہ ۲؍میں سے ایک ملازم چھٹی پر ہے، انہوں نے ملازمین کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کینٹین میں خدمات اور کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ مریضوں اور شہریوں کو پیش کیا جانے والا کھانا اعلیٰ معیار کا ہونا چاہئے اور مریضوں کی خوراک کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے جانے والے ناشتے اور دوپہر کے کھانے کے روزانہ شیڈول پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے۔ 
میونسپل کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کے کیس پیپرز کو کم سے کم وقت میں حاصل کرنے اور مریضوں کی طبی تفصیلات فوری طور پر دستیاب کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ۱۵؍ دن کے اندر ایرولی اسپتال میں بلڈ بینک شروع کیا جائے اور ایرولی سمیت تینوں اسپتالوں میں دودھ بینک کی سہولت شروع کی جائے۔ 
نوی ممبئی کے شہریوں کو صحت کی ضروری سہولیات فراہم کرتے ہوئے ایم آر آئی کی سہولت واشی پبلک اسپتال میں چند دنوں کے اندر اہم ٹیسٹ کیلئے دستیاب کرائی جا رہی ہے۔ کمشنر ڈاکٹر کیلاش شندے نے ایڈیشنل کمشنر سنیل پوار اور متعلقہ افسران کے ساتھ اس سہولت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دماغ اور اعصابی نظام، ریڑھ کی ہڈی اور جوڑوں، اندرونی اعضاء جیسے دل، جگر، گردے، لبلبہ، کینسر، خون کی شریانوں کی بیماریوں جیسے مختلف امراض کی تشخیص کیلئے ایم آر آئی ٹیسٹ بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ یہ مہنگا ٹیسٹ جس کی قیمت عام طور پر ۱۵؍ ہزار سے زائد ہوتی ہے، شہریوں کو انتہائی رعایتی نرخوں پر دستیاب کرایا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: گھر سے پڑھائی کے باوجود فاریہ مصطفیٰ سید کی ۹۳؍ فیصد مارکس سے کامیابی

۸۰؍بیڈ والے ڈائیلاسیس سینٹر کا دورہ بھی کیا
عام طور پر ڈائیلاسیس کیلئے فی سیشن۳؍ ہزار سے ساڑھے ۳؍ ہزار روپے خرچ آتا ہے اور اگر ہفتے میں ۲؍ سے ۳؍بار ڈائیلاسیس کرایا جائے تو یہ عام مریض کی پہنچ سے باہر ہوتا ہے۔ اس کے پیش نظر نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن نے واشی کے سیکٹر۱۴؍میں وویکانند کلچرل سینٹر کی عمارت میں ۵۰؍بیڈ کی گنجائش والا ایک خصوصی ڈائیلاسیس سینٹر شروع کیا ہے۔ یہ مہاراشٹر کا سب سے بڑا ڈائیلاسیس سینٹر ہے ۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر کیلاش شندے نے اس سینٹر کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ اس ڈائیلاسیس سینٹر کے بارے میں معلومات کو ہر ممکن حد تک پھیلایا جائے تاکہ ضرورت مند شہری وہاں دستیاب سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK