ایم سی اے سمر کیمپ کے مقابلے میں گھنسولی سینٹر کی زبردست جیت۔
EPAPER
Updated: May 10, 2026, 10:22 AM IST | Mumbai
ایم سی اے سمر کیمپ کے مقابلے میں گھنسولی سینٹر کی زبردست جیت۔
ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن ( ایم سی اے) کے سمر کیمپ میں ممبرا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز کراس میدان (چرچ گیٹ) میں کھیلے گئے ایم سی اے انڈر ۱۴؍ کے سمر کیمپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ممبرا کی اتحاد اکیڈمی میں پریکٹس کرنے والے مصعب سیدنے شاندار آل راؤنڈر کار کردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم گھنسولی سینٹر کی قیادت کرتے ہوئے چرچ گیٹ سینٹر ٹیم کو شکست دی۔ گھنسولی سینٹر کے کپتان مصعب سید نے ۱۲۱؍ رن بنائے اور ۳؍ وکٹیں بھی لیں جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی انکت مہاترے نےناٹ آئوٹ ۱۴۴؍ رن کی شانداری اننگز کھیلی۔ یہ دو روزہ میچ ۷؍ اور ۸؍ مئی کو کراس میدان کی سندر کرکٹ کلب پچ پر کھیلا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’نفرت کو معمول اور شناختوں کو ہتھیار بنا دیا گیا ہے‘‘
واضح رہے کہ اپریل کے وسط میں ایم سی اےکی طرف سےانڈر۱۴؍زمرے کے سمر کیمپ کیلئے انتخاب عمل میں آیا تھا۔ ٹرائلز میں متاثر کن کارکردگی کے بعد، مصعب سید کو کوچ رسال بیگ کی رہنمائی میں گھنسولی سینٹر کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا گیا ۔۷؍ مئی کو انڈر ۱۴؍ سمر کیمپ کا میچ گھنسولی سینٹر اور چرچ گیٹ سینٹر کے درمیان کھیلا گیا۔ گھنسولی سینٹر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اننگز کا اعلان کرنے سے پہلے ۳؍ وکٹ پر ۴۰۷؍ رن کا بڑا اسکور بنایا۔ مصعب سید نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے۱۲۱؍رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انکت مہاترے نے بھی شاندار۱۴۴؍ رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھئے: ایس ایس سی میں کامیاب جامعہ کی طالبات گریجویشن کی بھی خواہاں
۸؍ مئی کو دوسری اننگز میں گھنسولی سینٹر میچ پر مکمل طور پر حاوی رہا اور چرچ گیٹ سینٹر کو صرف۸۰؍ رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ مصعب سید نے عمدہ گیند بازی بھی کی اور ۳؍اہم وکٹیں لیں۔ نین سالونکھے نے شاندار گیند بازی کی اور دونوں اننگز میں ۱۱؍ وکٹیں لیں۔گھنسولی سینٹر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میچ ایک اننگز سے جیت لیا۔ مصعب سید اتحاد کرکٹ اکیڈمی کے رسال بیگ کی کوچنگ میں باقاعدگی سے پریکٹس کر رہے ہیں، جو ایم سی اے انڈر۱۴؍ گھنسولی سینٹر ٹیم کے کوچ بھی ہیں۔ اتحاد کرکٹ اکیڈمی کی پوری ٹیم نے اس یادگار کامیابی پر مصعب سید، کوچ رسال بیگ اور گھنسولی سینٹرکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔