• Sat, 22 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الیکشن میں اتحاد پر این سی پی اور کانگریس میں اختلاف

Updated: November 22, 2025, 1:53 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شیوسینا اورایم این ایس کیساتھ مل کرریلی نکالی جاسکتی ہے تو الیکشن میں اتحاد کیوںنہیں: شردپوار ۔تقسیم کی سیاست کرنے والوں سے اتحاد نہیں : ورشاگائیکواڑ

Sharad Pawar Photo: INN
شردپوار۔ تصویر:آئی این این
بی ایم سی الیکشن کیلئے  کانگریس  کا این سی پی اور مہاوکاس اگھاڑی کی دیگر پارٹیوں سے  اتحاد ہوگا یا نہیںاس پر   تذبذب برقرار ہے۔ کانگریس کے ایک وفد نے گزشتہ روز اس ضمن میں این سی پی   کے سربراہ شرد پوار سے  ملاقات بھی کی تھی لیکن  اس پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے ۔ واضح رہے کہ فرقہ واریت ، مذہب یا زبان اور علاقائیت  کے نام پر سیاست کرنے والی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا عزم سنیچر کو ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ نے ایک بار پھردہرایاتھا جبکہ دوسری جانب معتبر ذرائع سے ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ شرد پوار کا کہنا ہے کہ جب ووٹ چوری کے خلاف شیو سینا اور مہاراشٹر نونرمان سینا(ایم این ایس) کے ساتھ مل کرمورچہ نکالا جاسکتا ہے تو میونسپل الیکشن کیلئے کیوں نہیں لڑا جاسکتا۔
اس ضمن میں جہاں کانگریس نے آر پی آئی کے ساتھ آنے کی بات کہی جارہی ہے تو دوسری جانب این سی پی (شردپوار)نے تو یہ تک کہہ دیا ہےکہ اگر کانگریس اپنے بل بوتے پر لڑ کر میونسپل الیکشن جیت سکتی ہے تو انہیں نیک خواہشات پیش کی جاتی ہے۔
بی ایم سی میں انتخابات لڑنے سے متعلق ممبئی کانگریس کی صدر اوررکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے ایک بار پھر کہاہےکہ بی ایم سی  الیکشن میں ہمارا موقف واضح ہےکہ ہم ان ہی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کریں گے جو مہاتما گاندھی کی تعلیمیات امن و امان کو برقرار رکھنے ،ہر مذہب اور فرقہ کو ساتھ لے کرچلنے اور سبھی کے آئینی حقوق کا تحفظ کرنے والے ہوں  اور اس پر عمل کرتے ہیں۔ ہم ایسی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے جو لوگوں کو مذہب، ذات ، زبانوں اور فرقوں میں تقسیم کرنے اور تشدد کی سیاست کرتی ہیں۔  انہوںنے مزید کہا کہ ’’یہ فیصلہ کانگریس کے کارکنوں،لیڈروں اور عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ کانگریس کا کئی برسوں سے شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ اتحاد ہے۔ ہم نے ان کے ساتھ مل کر لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات   بھی لڑے ہیں۔کچھ لیڈر ان آرپی آئی کے ساتھ   مل کرالیکشن لڑنے کو تیار ہیں۔ ‘‘
ورشا گائیکواڑ نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’کانگریس ان لوگوں کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی جو قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں اور مارپیٹ کی سیاست کرتے ہیں ۔‘‘
واضح رہے کہ   این سی پی (شردپوار)کے ساتھ اتحاد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ شرد پوار ایک سینئر لیڈر ہیں، ہم ان کا احترام کرتے ہیں، ان کی کام کرنے کی توانائی ہر ایک کیلئے تحریک ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ شرد پوار نے کیا کہا لیکن ہم نے کسی اور کے ساتھ اتحاد پر بات نہیں کی ہے اور کیڈر کے سوال کا جواب دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
غیر مصدقہ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق سینئر لیڈر شرد پوار ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا اور راج ٹھاکرے کی ایم این ایس کے درمیان اتحاد کے بارے میں مثبت ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں اتحاد یا ٹھاکرے برادران کے درمیان اتحاد کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ اور کانگریس کے وفد نے شرد پوار سے ملاقات کی تھی۔ دریں اثناء یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے کہ شرد پوار ٹھاکرے برادران کے ساتھ جائیں گے یا کانگریس کے ساتھ۔
ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ شرد پوار نے پوچھا ہے کہ جب وہ ووٹ چوری کے خلاف متحدہ محاذ بنا رہے ہیں تو الگ الگ الیکشن کیوں لڑے جائیں۔ اس لئے سب کی توجہ اس بات پر ہے کہ کیا کانگریس ان کا مشورہ سن کر ایم این ایس کے تئیں نرمی اختیار کرے گی یا نہیں !
اس ضمن میں این سی پی   مہاراشٹر کے چیف ترجمان مہیش تپاسے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے نمائندۂ انقلاب سے کہاکہ ’’چونکہ اب تک بی ایم سی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان نہیں ہوا ہے بلکہ او بی سی  معاملہ میں الیکشن ملتوی ہونے کا اندیشہ ظاہر کیاجارہا ہے اس لئے  اتحاد کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ ضرور کہا کہ ’’ علاقائیت کی صورتحال دیکھ کر ہم فیصلہ کر رہے ہیں۔ مثلاً  امبرناتھ میں ہم شیو سینا (ادھو) اور ایم این ایس کے ساتھ ہیں ۔ اسی طرح بدلا پور میں کانگریس / شیو سینا (ادھو) اور ایم این ایس کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK