این سی پی (ایس پی ) کا ناسک میں یک روزہ کیمپ ،شردپوار نے کہا ’’جرنگے سے کوئی تعلق نہیں ہے‘‘ مہایوتی حکومت کے خلاف آج مارچ نکالا جائے گا۔
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 10:50 AM IST | Inquilab News Network | Nashik
این سی پی (ایس پی ) کا ناسک میں یک روزہ کیمپ ،شردپوار نے کہا ’’جرنگے سے کوئی تعلق نہیں ہے‘‘ مہایوتی حکومت کے خلاف آج مارچ نکالا جائے گا۔
ریزرویشن معاملے پر جاری تنازع پر این سی پی (ایس پی ) کے سربراہ شردپوار نے مہایوتی حکومت کو پیغام دیا کہ ’’حکومت کسی ذات یا مذہب کی نہیں ہوتی ، بلکہ سب کی ہونی چاہیے۔ حکومت وسیع النظری کے ساتھ سب کی نمائندگی کرنے والی ہونی چاہیے۔‘‘ پوار نے کہا کہ ’’ ریاستی حکومت نے کسی ایک ذات کی کمیٹی نہ بنا کر سبھی سماج کی کمیٹی بنانی چاہیے۔ حکومت سب کی ہونی چاہیے۔ سماجی اتحاد مہاراشٹر کی خصوصیت رہی ہے، اسے قائم رکھا جانا چاہیے۔‘‘ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ مہاراشٹر کے اسی سماجی اتحاد میں دراڑ پڑ رہی ہے۔‘‘
ناسک کےپنچوٹی میں واقع سوامی نارائن بینکویٹ ہال میں اتوار کو منعقدہ این سی پی (ایس پی ) کےیک روزہ کیمپ سے قبل پارٹی سربراہ شردپوار نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران شردپوار نے مہاراشٹر میں ریزرویشن کے مسئلے پر پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنی رائے بیان کی۔ انہوں نے مہایوتی کے کئی لیڈران کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزام پر بھی جواب دیا ، برسراقتدار اتحاد کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ منوج جرنگے پاٹل کے ممبئی میں ہونیوالے احتجاج اور مراٹھا ریزرویشن تحریک کے پیچھے شرد پوار کا ہاتھ ہے ، اس پر شردپوار نے دوٹوک انداز میں کہا کہ’’ ہمارا منوج جرنگے پاٹل کی تحریک سے کچھ بھی لینا دینا ہے۔لہٰذا اس پر کوئی تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ریزرویشن کے مسئلے پر سماج کے درمیان کڑواہٹ نہ بڑھے، اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ سب کو مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا۔اس معاملے میں حکومت کا فلاں سماج کے لئے الگ، فلاں سماج کے لئے الگ — رویہ نہیں ہونا چاہئے۔ مختلف سماجی گروہوں کے لیے الگ الگ کمیٹیاں بنائی جا رہی ہیں۔ حکومت کسی ایک ذات یا ایک سماج کی نہیں، بلکہ سب کی ہے۔ ہمارا یہ کہنا نہیں ہے کہ صرف ایک ہی کمیٹی ہو، لیکن کمیٹی کسی ایک ذات کی نہ ہو یہ ہمارا مؤقف ہے۔ سب کو مل کر غور کرنا چاہیے۔ حکومت کسی ذات یا مذہب کی نہیں ہونی چاہیے۔ کسی ایک ذات کی سیاست کرنا درست نہیں ہے، یہ ہمیں زیب نہیں دیتا۔ وسیع نظری اپنانی چاہیے۔‘‘ پوار نے ریاستی وزیر چھگن بھجبل کا نام لئے بغیر اشاروں ہی اشاروں میں یہ بھی کہا کہ ’’ ایسا بیان دینا جس سے دو سماج کے درمیان فاصلے بڑھیں، اچھی بات نہیں ہے۔‘‘
این سی پی کے ریاستی سطح کے کارکن تربیتی کیمپ میں ریاستی صدر ششی کانت شندے، جینت پاٹل، جیتندر اوہاڈ، رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، روہت پوار سمیت کئی لیڈران اور عہدیدار موجود تھے۔ کیمپ کا اختتام شرد پوار کی رہنمائی میں ہوگا اور پیر کو(آج ) ناسک میں مہایوتی حکومت کے خلاف ایک مارچ نکالا جائیگا، جس میں شرد پوار بھی موجود رہیں گے۔