Inquilab Logo Happiest Places to Work

این سی پی کارکنان کا احتجاج، سپکال کی تصویروں پر جوتے مارے گئے

Updated: August 05, 2026, 10:24 AM IST | Z. A. Khan | Nanded

کانگریس کی جانب سے سونیترا پوار کو ’گونگی گڑیا ‘کہے جانے پر پارٹی کارکنان کا سخت رد عمل ، کئی مقامات پر مظاہرے کئے گئے۔

NCP workers took a tough stance. Photo: INN
این سی پی کارکنان نے سخت تیور اختیار کر لئے۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کی   جانب سے نائب وزیر اعلیٰ  سونیترا پوار کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز الفاظ استعمال کئے  جانے پر این سی پی (اجیت) کانگریس کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ پارٹی کارکنان نے مختلف مقامات پر کانگریس کے خلاف احتجاج کیا۔ ناندیڑ میں بھی این سی پی کارکنان نے احتجاج کیا اور کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی تصویر پر جوتے مارے۔ 

یاد رہے کہ منگل کو کانگریس کے آفیشیل پیج پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’’سونیترا پوار کب تک گونگی گڑیا بن کر رہیں گی؟‘‘  اس پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد این سی پی کارکنان میں برہمی پھیل گئی ہے ۔اسی ضمن میں یہ   ناندیڑ کے آئی ٹی آئی چوک پر واقع مہاتما پھلے کے مجسمے کے سامنے این سی پی کارکنان نے احتجاج کیا۔  ان کارکنان نے  ہرش وردھن سپکال کے خلاف شدید نعرے بازی  کی اور  ان کی تصویر پر جوتے مار کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: دورانِ پرواز طیارہ ۳۰۰؍ فٹ نیچے آگیا

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کسی خاتون لیڈر کے خلاف اس طرح کے غیر شائستہ اور توہین آمیز الفاظ کا استعمال ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کانگریس قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بیان پر عوام سے معافی مانگے اور پوسٹ کرنے والے کانگریسی عہدیدار کے خلاف مناسب کارروائی کرے۔اس احتجاج کی قیادت یوتھ این سی پی    کے ریاستی نائب صدر کنہیا کدم نے کی، جبکہ شہر ضلع صدر محسن خان پٹھان بھی پیش پیش رہے۔اس موقع پر صنعت شعبہ مراٹھواڑہ کے صدر شری دھر راؤ ناگپورکر، اتمراؤ سونکامبلے، راشٹروادی یوتھ کانگریس کے شہر کارگزار صدر مادھو چنچالے، مانک دیشمکھ، بلونت تیلنگ، رمیش گنجاپورکر، ناز پروین، ممتا سونکامبلے، وشال کامٹھیکر، اعجاز مرزا، اکشے سونکامبلے، رفیق شیخ، شیخ عمران، شیخ رضوان، سوربھ مالگے سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عوامی زندگی سے وابستہ لیڈران کو اپنی زبان اور بیان میں شائستگی کا مظاہرہ کرنا چاہئےاور خواتین کے بارے میں غیر پارلیمانی یا توہین آمیز الفاظ کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: نتن گڈکری کی رہائش گاہ کے باہر کانگریس کارکنان کا احتجاج

 اس دوران  ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ  ’گونگی گڑیا‘ ایک محاورہ ہے کوئی برا لفظ نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ایک وقت میں ’مونی بابا‘ اور  اندرا گاندھی کو ’گونگی گڑیا‘ کہا گیا تھا، لیکن دونوں نے اپنے کردار، خدمات اور قیادت کے ذریعے ان القابات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ  سونیترا پوار کو بھی تنقید کا جواب اپنے کام سے دینا چاہئے۔ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ آج کچھ لوگ کانگریس کو تہذیب اور شائستگی کا سبق پڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں،  جبکہ ضمنی انتخابات میں سونیترا پوار کے سامنے سے اپنا امیدوار ہٹا کر اخلاقیات کا ثبوت دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK