• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں : فضائی آلودگی کا تناسب بتانے والی اسکرین بند

Updated: November 17, 2026, 9:38 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

صنعتی شہر میں فضائی آلودگی میں اضافے سے شہری پریشان ہیں۔ دُھول، مِٹّی،بدبُو اور غبار کی لپیٹ میں پورا شہر دِکھائی دیتا ہے۔قابلِ غور یہ نکتہ بھی ہےکہ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور میونسپل انتظامیہ نے فضائی آلودگی کی پیمائش کرنے کیلئے ایک یونٹ قائم کیا ۔ اس یونٹ کی نگرانی میں ایئرپولیوشن بتانے والی بھاری مشینیں لگائی گئیں۔

Screen.Photo:INN
اسکرین۔ تصویر:آئی این این
صنعتی شہر میں فضائی آلودگی میں اضافے سے شہری پریشان ہیں۔ دُھول، مِٹّی،بدبُو اور غبار کی لپیٹ میں پورا شہر دِکھائی دیتا ہے۔قابلِ غور یہ نکتہ بھی ہےکہ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور میونسپل انتظامیہ نے فضائی آلودگی کی پیمائش کرنے کیلئے ایک یونٹ قائم کیا ۔ اس یونٹ کی نگرانی میں ایئرپولیوشن بتانے والی بھاری مشینیں لگائی گئیں۔فضائی آلودگی کا تناسب بتانے والی اسکرین بھی لگائی گئی۔اسکرین گزشتہ کئی مہینوں سے بند پڑی ہوئی ہے۔اس وجہ سے پتہ ہی نہیں چلتا کہ فضائی آلودگی کا تناسب کب اور کتنا ہوتا ہے؟ مشرقی مالیگاؤں میں صاف شفاف ہوا کا تصور بتدریج ختم ہوتے جارہاہے۔شہر کا یہ حصہ صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہے۔رہائش اورکارخانے ملے جلے ہوئے ہیں۔

 
ایک طرف شہری انتظامیہ کی طرف سے صفائی کے بہتر انتظامات نہیں ہیں تو دوسری طرف روزگارفراہم کرنے والے ذرائع معقول سہولیات نہ ملنے سے تعفن،گندگی اور ماحول کی خرابی جیسے مسائل سے لڑرہے ہیں۔ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے مختلف اقسام کی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اُس وقت اقدامات کئے جب نیشنل گرین ٹرائبونل اور مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ نے سخت احکامات جاری کئے۔مقامی بلدیہ نے خواجہ غریب نواز فائراسٹیشن کے کمپاؤنڈ وال میں ایک اسکرین(اے کیوآئی) لگائی جس پر ایئرکوالیٹی کی تفصیلات بتائی جاتی تھیں۔متذکرہ اسکرین کئی مہینوں سے بند ہے۔اس کے بارے میں معلوم ہوا کہ اسکرین کی کیبل وائر جانداروں کی آمدورفت سے متاثر ہوئی تب سے اسکرین بند ہے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کیلئے نمائندہ انقلاب نے خواجہ غریب نواز فائر اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ سنجے پوار سے ملاقات کی کوشش کی لیکن وہ اپنے آفس میں نہیں تھے۔
 
 
اورنگ آباد :باغبان برادری کی معروف شخصیت عبدالجبار خان باغبان کی رحلت
 نہ صرف اورنگ آباد بلکہ مہاراشٹر میں باغبان برادری کی معروف شخصیت عبدالجبار خان باغبان(۷۴) گزشتہ ۱۵/نومبر اتوار کی رات میں انتقال کرگئے۔تدفین اورنگ آباد کے تاریخی قصبے پیری راجہ میں ہوئی۔اسی قصبے میں اُن کی ولادت ۱۲/مئی ۱۹۵۲ء کو ہوئی تھی۔پسماندگان میں دو بیویاں،تین بیٹے محمد آصف باغبان،محمد جمیل باغبان اور محمد جنید باغبان ، تین بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم کے بارے میں فاروق باغبان(مالیگاؤں) نے کہا کہ انہوں نے پھلوں کے کاروبار میں کامیابی کے پرچم لہرائے۔سائیکل پر موسمی پھلوں کی پھیری کرنے والے عبدالجبار خان باغبان نے دیانت داری کا دامن تھامے رکھا۔محنت مشقت کرکے انہوں نے اپنے کاروبار کو مقامی سے لیکر بین الاقوامی سطح تک وسعت دی۔ سن ۱۹۹۸ء میں وہ اورنگ آباد منتقل ہوئے۔ان کی تجارتی سرگرمیاں مغربی بنگال،راجستھان،اترپردیش اور گجرات تک پھیل گئی تھیں۔مولانا صادق خان ندوی (اورنگ آباد) نے بتایا کہ انہوں نے کم وبیش ۲۰/ مسجدیں اپنے ذاتی سرمائے سے تعمیر کروائیں۔اورنگ آباد کے معروف دینی ادارہ جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کی مجلس عاملہ کے صدر رہتے ہوئے اِس دنیا سے رخصت ہوئے۔کاشف العلوم کی مجلس عاملہ میں ۲۰۰۰ء میں بطورِ رُکن منتخب ہوئے تھے۔اورنگ آباد سے قریب بدنا پور اور مٹمٹہ میں مدارس ومساجد کے قیام و تعمیرات میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا ۔اُن کی دینی و ملّی خدمات آفتاب نصف نہار کی طرح ہے۔واضح رہیکہ عبدالجبار خان باغبان مرحوم کی نمازِ جنازہ مولان شیخ نور جمالی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔جلوس جنازہ وتدفین میں مفتی معز الدین قاسمی،مولانا شمس الدین قاسمی،مولانا نسیم الدین مفتاحی،مفتی محسن قاسمی،کلیان کاڑے (رکن پارلیمنٹ،پربھنی)، امتیاز جلیل (سابق ایم پی،اورنگ آباد)،تھومبرے پیٹھن(ایم ایل اے) وغیرہ شامل تھے۔اس سانحہ ارتحال پر مالیگاؤں باغبان جماعت کی جانب سے لواحقین کو تعزیتی پیغام جاری کیا گیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK