فادر اسٹین سوامی کی۵؍ ویں برسی پر منعقدہ اجلاس میں مقررین کا اظہار خیال۔ ٹیسٹا سیتلواد نے کہا کہ فادر سوامی کی سب سے بڑی طاقت ان کی انتھک محنت، جدو جہد اور مضبوط رابطہ تھا۔
EPAPER
Updated: July 06, 2026, 5:58 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Bandra
فادر اسٹین سوامی کی۵؍ ویں برسی پر منعقدہ اجلاس میں مقررین کا اظہار خیال۔ ٹیسٹا سیتلواد نے کہا کہ فادر سوامی کی سب سے بڑی طاقت ان کی انتھک محنت، جدو جہد اور مضبوط رابطہ تھا۔
’’ظلم وجبر کے خلاف خاموش رہنے کی نہیں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، خواہ وہ ظلم سماج کے کسی بھی طبقے کے خلاف کیوں نہ ہو؟ ‘‘یہ باتیں فادر سوامی اسٹین کی۵؍ ویں برسی پر اتوار کی صبح سینٹ پیٹرز چرچ باندرہ کے لویولا ہال میں منعقدہ اجلاس بعنوان ’فادر اسٹین اور آئین پر اعتماد‘ میں کہی گئیں۔ اس جلسۂ عام کا اہتمام بمبئی کیتھولک سبھا (بی سی ایس)، سینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرازم (سی ایس ایس ایس)، سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس (سی جے پی)، کرسچین ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن (سی ڈی اے)، اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر)، ممبئی فار پیس اور پیپلز یونین فار سول لبرٹیز (پی یو سی ایل) وغیرہ تنظیموں کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر نوربرٹ مینڈونکا (صدر بی سی ایس) کے استقبالیہ خطاب کے بعد سینٹ پیٹرز چرچ کے فادر لیوک روڈریگس نے فادر اسٹین سوامی کے انسانیت کے تئیں پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
معروف سماجی خدمت گار ٹیسٹاسیتلواد نے کہا کہ فادر سوامی کی سب سے بڑی طاقت عام شہریوں کے درمیان ان کی انتھک محنت اور جدو جہد اور مضبوط رابطہ تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فادر اسٹین کو غیر قانونی طور پر نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے کمپیوٹر میں دستاویزات پلانٹ کئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: موسلا دھار بارش سے سیلاب کا خطرہ، شہریوں کو الرٹ رہنے کا مشورہ
ٹیسٹا سیتلواد نے مزید کہا کہ یو اے پی اے کے خلاف مہم اور جیلوں کے حالات کو بہتر بنانے کی فادر اسٹین سوامی کی وراثت کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔ جلسے میں فادر فریزر میسریہنس کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے فادر اسٹین سوامی کی برسی کے موقع کو پسماندہ افراد کے لئے سماجی انصاف کے عزم کی تجدید کے لئے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور تمام شہریوں سے ناانصافی کے خلاف آواز اٹھا کر آئین کا احترام کرنے کی اپیل کی۔
ایڈوکیٹ عرفان انجینئر نے یکجہتی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور یہ بتایا کہ اسٹین سوامی نے کمزور برادریوں خاص طور پر آدیواسیوں کے لئے بھائی چارے اور وقار کی خاطر آئینی اقدار کے لئے لڑنے اور ان کے دفاع میں مسلسل کوشاں رہے۔
شاکر شیخ( جنرل سیکریٹری، اے پی سی آر ) نے فادر اسٹین سوامی کے خیالات کے ساتھ عام لوگوں کے پاس جانے کی ضرورت اور ایس آئی آر کے عمل میں عام شہریوں کی مدد کرنے کی ضرورت کے بارے میں بھی توجہ دلائی۔
بمبئی کیتھولک سبھا کے ایڈوکیٹ رافیل ڈیسوزا نے عدالتی عمل کے ان واقعات کو بیان کیا جس کا شکار فادر سوامی کو بنایا گیا تھا۔ اس موقع پر معروف صحافی انتو اکارا نے فادر کی خدمات پر روشنی ڈالنے کی ساتھ موجودہ حالات کے تئیں دعوت عمل دی۔
سینئر ایڈوکیٹ مہیر دیسائی( قومی نائب صدر، پی یو سی ایل) نے سخت اندازمیں کہا کہ فادر کی موت جس طرح ہوئی، ان کے ساتھ جو کچھ ہوا اور ان کا وہ بیان کہ انہوں نے بھیما کورے گاؤں دیکھا تک نہیں تھا، ثابت کرتا ہے کہ کس حد تک انہیں اذیت دی گئی اور قانون کے نام پر ان کے ساتھ بدترین ناانصافی کی گئی۔ ہم سب ظلم کے خلاف سینہ سپر ہوجائیں، یہی وقت کی آواز ہے۔