Updated: May 15, 2026, 11:58 AM IST
| New Delhi
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی( این ٹی اے ) نے’’این ای ای ٹی ۲۰۲۶ء(NEET 2026 ) کے ری ایگزام کی تاریخ۲۱؍ جون مقرر کر دی ہے جو ۳؍مئی کے منسوخ شدہ امتحان کے بعد لیا جائے گا۔ یہ فیصلہ پرچہ لیک کے سنگین الزامات اور ملک بھر میں جاری تحقیقات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
نیٹ امتحان سے قبل مرکز پر طلبہ کے دستاویزات کی جانچ کی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی ( این ٹی اے )نے جمعہ کو بتایا کہ نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (NEET) ۲۰۲۶ءکا ری ایگزام۲۱؍ جون کو منعقد کیا جائے گا۔ ۳؍مئی کو لیا گیا یہ امتحان پرچہ لیک کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ یہ امتحان نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے تحت ہندوستان میں میڈیکل انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلے کیلئے منعقد کیا جاتا ہے۔ ۳؍ مئی کے امتحان میں ۲۲؍ لاکھ سے زائد امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں کم از کم سات افراد کو گرفتار کیا ہے اور ملک بھر میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ ان میں سے دو افراد کو جمعرات کے روز گرفتار کیا گیا۔
یاد رہے کہ ۳؍ مئی کو ہونے والا امتحان اس وقت منسوخ کیا گیا جب راجستھان اسپیشل آپریشنز گروپ نے ان الزامات کی تحقیقات شروع کیں کہ امتحان سے پہلے ایک ’’گس پیپر‘‘ (اندازے کا پرچہ) گردش میں تھا جس کے سوالات اصل امتحان کے سوالات سے کافی حد تک ملتے جلتے تھے۔ راجستھان پولیس کے مطابق اس’’گس پیپر‘‘ میں تقریباً ۴۱۰؍ سوالات تھے، جن میں سے تقریباً۱۲۰؍ سوالات کیمسٹری کے حصے کے اصل امتحان کے سوالات سے ملتے جلتے تھے۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں مرکزی وزارتِ تعلیم کی شکایت پر ایف آئی آردرج کی ہے۔ اس میں بھارتیہ نیایا سنہیتا کے تحت مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی اور اعتماد کی خلاف ورزی سمیت دفعات، اور ۲۰۲۴ء کے پبلک ایگزامینیشنز پریوینشن آف اَن فئیر مینز ایکٹ اور کرپشن پریونشن ایکٹ شامل کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ۲۰۲۴ء کے امتحان کو بھی پرچہ لیک اور گریس مارکس کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے باعث ملک بھر میں احتجاج ہوئے تھے۔