Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھولیہ کے انصاری فہد کلیم نے ایمس دہلی میں کامیابی کا پرچم بلند کیا

Updated: May 15, 2026, 12:23 PM IST | Shaikh Akhlaq Ahmad | Mumbai

ایم بی بی ایس کے سال اول میں دوسری پوزیشن حاصل کی ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیر صحت کے ہاتھوں اعزاز۔

Fahad Kaleem, accompanied by the Health Minister, receiving a certificate from the Vice President. Photo: INN
نائب صدر جمہوریہ سے سند حاصل کرتے ہوئے فہد کلیم، ساتھ میں وزیر صحت۔ تصویر: آئی این این

نیٹ امتحان میں ہونے والی رسہ کشی کے درمیان ایک حوصلہ افزا خبر دہلی سے موصول ہوئی ہے کہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع دھولیہ سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم انصاری فہد کلیم نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس(ایمس) نئی دہلی میں ایم بی بی ایس سالِ اول کے امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے نمایاں کامیابی اپنے نام کی ہے۔ اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں انہیں بھارت منڈپم میں منعقدہ ایمس دہلی کے ۵۱؍ویں جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر نائب صدرِ جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کے ہاتھوں سرفراز کیا گیا۔فہد کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ضلع دھولیہ کیلئے باعث فخر بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بیسٹ کی ۴؍ بسیں ٹکرا گئیں، کنڈکٹر کی موت

بچپن ہی سے ذہین اور محنتی طالب علم کے طور پر پہچانے جانے والے فہد نے تعلیمی میدان میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ۱۰؍ویں جماعت میں ۹۴ء۶؍ فیصد جبکہ بارہویں جماعت میں ۹۷ء۶؍ فیصد مارکس حاصل کئے۔فہد نے نیٹ امتحان پہلی ہی کوشش میں ۷۱۱؍ مارکس لے کرپاس کر لیااور ملک کے ممتاز طبی ادارے ایمس دہلی میں داخلہ حاصل کیا ۔ وہاں انہوں نے اپنی محنت، لگن، مستقل مزاجی کو برقرار رکھا اور ایم بی بی ایس سالِ اول کے امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ یاد رہے کہ اول اور دوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے درمیان صرف ۴؍ مارکس کا فاصلہ ہے۔ فہد ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد دھولیہ میڈیکل کالج میں اکاؤنٹنٹ کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’خواتین کا تحفظ اوران کا وقار بحال رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری‘‘

انقلاب سے خصوصی گفتگو میں فہد نے کہا کہ کامیابی کا راز مستقل مزاجی، محنت اور اللہ پر بھروسہ ہے۔ فہد کی اس شاندار کامیابی پر تعلیمی اور سماجی حلقوں نے مبارکباد پیش کی ہے۔ ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ فہد جیسے طلبہ نئی نسل کیلئے روشن مثال ہیں اور ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے بڑے سے بڑا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK