انڈیا ایگزم بینک کے ذریعہ منعقدہ ٹریڈکانکلیو ۲۰۲۵ء سے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کاخطاب، اقوام متحدہ کی تجارتی رپورٹوں کا حوالہ دیا،برآمد کنندگان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2025, 10:51 AM IST | Agency | New Delhi
انڈیا ایگزم بینک کے ذریعہ منعقدہ ٹریڈکانکلیو ۲۰۲۵ء سے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کاخطاب، اقوام متحدہ کی تجارتی رپورٹوں کا حوالہ دیا،برآمد کنندگان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے برآمدات کے فروغ کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کو یہاں کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین (ای یو) کے ساتھ مجوزہ آزاد تجارتی معاہدوں پر بات چیت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور یہ بات چیت جلد ہی مکمل ہو جائے گی۔
یہاں انڈیا ایگزم بینک کے ذریعہ منعقدہ ٹریڈکانکلیو ۲۰۲۵ءسے خطاب کرتے ہوئے سیتا رمن نے وکست بھارت اسکیم کے تحت حکومت کے تجارت اور مینوفیکچرنگ وژن کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی برآمدات پر مبنی رفتار زیادہ جامع اور لچکدار ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، آسٹریلیا اور۴؍ممالک کے ای ایف ٹی اے (یورپی فری ٹریڈ اسوسی ایشن) بلاک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کر چکا ہے اور برطانیہ کے ساتھ بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین کے ساتھ بات چیت واقعی بہت تیزی سے جاری ہے اور اسے جلد کسی نتیجے پر پہنچنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تجارتی ترقی حادثاتی یا بکھری ہوئی نہیں ہے۔ اس کے بجائے یہ ہدف پالیسی اقدامات کے ساتھ منسلک ہے۔ یواے ای، آسٹریلیا، برطانیہ اور ای ایف ٹی اے بلاک کے ساتھ حالیہ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) نے نئی مارکیٹیں کھول دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال۲۵ء میں ہندوستان کی کل برآمدات۸۲۵؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ اب تک کی بلند ترین اور پچھلے سال کے مقابلے میں ۶؍ فیصد زیادہ ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ترقی عالمی برآمدات میں محض۴؍ فیصد اضافے کے درمیان آئی ہے جس سے عالمی منڈیوں میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی مسابقت کی نشاندہی ہوتی ہے۔
سیتا رمن نے اقوام متحدہ کی تجارتی رپورٹوں کا حوالہ دیا جس میں ہندوستان کو ایف ڈی آئی کے اعلیٰ مقامات میں سے ایک کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ پچھلی دہائی میں، ہندوستان کو۶۶۸؍ ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی حاصل ہوئی ہے جو گزشتہ۲۴؍ برس میں کل آمد کا۶۷؍ فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان عالمی ویلیو چین میں بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ایپل کے آئی فون کا حوالہ دیا جہاں مینوفیکچرنگ تیزی سے ہندوستان میں منتقل ہو رہی ہے جس میں ویلیو ایڈیشن ہو رہا ہے، نہ کی صرف اسمبلی۔ انہوں نے کہا کہ آئی فون کے تمام ماڈلز میں لوکلائزیشن۲۰؍ فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تجارتی تنازعات کو کم کرنے اور تعمیل کو آسان بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے ہیں۔ بنیادی کسٹم ڈیوٹی کی شرحوں کو کم کیا ہے جس میں صفر شرح بھی شامل ہے۔ مرکزی بجٹ۲۶-۲۰۲۵ء نے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے مقصد سے مزید ۷؍ ٹیرف سلیب کو ختم کر دیا۔ مینوفیکچرنگ سے منسلک برآمدات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت نے ڈیوٹی فری درآمدات کے لئے آخری استعمال کی مدت کو۵؍ ماہ سے بڑھا کر۱۲؍ ماہ کر دیا ہے۔ کسٹم ایکٹ میں ترمیم اب کارگو کلیئرنس کو تیز کرنے کے لئےپروویزنل اسسمنٹ پر ایک وقت کی حد عائد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید آزاد تجارتی معاہدے کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان عالمی رجحان کے خلاف جا رہے ہیں۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور ان پر زور دیا کہ وہ جدت پر توجہ دیں اور اپنی مصنوعات کے لئے نئی منڈیاں تلاش کریں۔